جموں// 29شعبان المعظم بمطابق 26 مئی بروز جمعہ کو رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا ہے۔ لہٰذا یکم رمضان بروز اتوار 28 مئی کو ہوگا۔ مختلف رویت ہلال کمیٹیوں کے مطابق ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند دیکھنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، جس کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے۔تاہم ہندوستان کے ساحلی اضلاع کالی کٹ ، بھٹکل اور اس کے اطراف میں رویت ہلال کی تصدیق کردی گئی ہے ، جس کی وجہ سے وہاں کل پہلا روزہ ہوگا۔دریں اثنا اسلام آباد پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی علاقے میں رمضان المبارک کے چاند نظر آنے کی گواہی نہیں ملی، لہٰذا ماہ مبارک کا پہلا روزہ 28 مئی بروز اتوار کو ہوگا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے بتایا کہ ملک کے کسی بھی کونے سے چاند دیکھنے کی گواہی موصول نہیں ہوئی، لہٰذا پہلا روزہ 28 مئی کو ہوگا۔خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات اور خلیجی ریاستوں میں گزشتہ روز رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا، جس کی وجہ سے ان ممالک میں پہلا روزہ بروز ہفتہ 27 مئی کو ہوگا۔