سرینگر//وادی میں جاری بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں اور امن و قانون کی مجموعی صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے پلوامہ میں افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ایس پی وید ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ راج کمار گوئیل ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، ڈپٹی کمشنر پلوامہ منیر السلام اور ایس ایس پی پلوامہ موجود تھے ۔ صوبہ کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنروں ، ایس ایس پی ، چیف کنزرویٹر فارسٹ کشمیر ، محکمہ بجلی ، صحت عامہ ، تعمیراتِ عامہ اور سسٹم اینڈ اوپریشن کے چیف انجینئروں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ پولیس کے ضلع سربراہان نے اپنے اپنے متعلقہ ضلعوں میں امن و قانون کی صورتحال کے بارے میں چیف سیکرٹری موصوف کو بتایا ۔ انہوں نے اپنے اپنے علاقون میں معمول کے حالات بحال کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ افسروں سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر بی بی ویاس نے کہا کہ وہ علاقہ کے سول سوسائیٹی کے ممبران، مذہبی رہنماو¿ں اور دیگر معروف شخصیات کے ساتھ متواتر میٹنگیں منعقد کر کے جامع رابطہ پروگرام عملائیں تا کہ وہ بھی وادی میں امن بحال کرنے میں اپنا رول ادا کر سکیں ۔ انہوں نے تعمیراتی پروگراموں کیلئے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپوں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں کو اُن کے حدِ اختیار والے علاقوں میں حکومت کی جانب سے پابندی لگائے گئے کئی ٹی وی چینلوں کی نشریات پر کڑی نظر گذر رکھیں ۔ انہوں نے مقامی کیبل اپریٹروں کی طرف سے دستیاب کرائی جا رہی ٹی وی چینلوں کے میڈیا مواد پر ر بھی نظر گذر رکھنے کی ہدایت دی ۔رمضان المبارک کے متبرک مہینے کے پیش نظر بی بی ویاس نے ڈپٹی کمشنروں کو اپنے اپنے اضلاع میں ضروری اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تا کہ عوام کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں امن و قانون میں رخنہ ڈالنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نپٹا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر صورتحال پر کڑی نظر رکھنی چاہئیے اور کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کیلئے موقعہ پر ہی کاروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ڈی جی پی نے ضلع پولیس سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقوں کا متواتر دورہ کر کے پولیس ۔ عوامی رابطہ قایم کرکے انتظامیہ اور پولیس کے تئیں عوام میں اعتماد پیدا کرنے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے کھیل کود سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک صحیح سمت دی جا سکے ۔ میٹنگ میں قومی شاہراہ پروجیکٹ ، رنگ روڈ کی تعمیر اور ترسیلی لائین بچھانے کے کام کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ جس کے متعلق صوبہ کشمیر کے ترقیاتی کمشنروں نے زمین کی حصولیابی ، زمین کے معاوضہ کے علاوہ ان سے منسلک دیگر معاملات کے بارے میں بھی میٹنگ میں جانکاری دی گئی ۔ ضلع وار ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے مسٹر بی بی ویاس نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ میگا پروجیکٹوں کے کام کاج میں حایل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں تا کہ ان کو وقت پر مکمل کیا جا سکے ۔ بی بی ویاس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ذاتی طور پر ترسیلی لائین کے بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے پلوامہ میں ضلع انتظامیہ کے افسروں کی میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع میں جاری ترقیاتی کاموں کی مادی اور مالی حصولیابیوں کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر پلوامہ نے چیف سیکرٹری کو مختلف شعبوں کی حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے گذشتہ اور رواں مالی سال کے دوران حاصل کئے گئے اہداف کے بارے میں جانکاری دی ۔ افسروں سے خطاب کرتے ہوئے بی بی ویاس نے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ عوام کو بہتر بنیادی سہولت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے ہر شعبہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ زمینی سطح پر نتایج سامنے آ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رشوت خوری اور تساہل پسندی کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر افسر کا کام ہے کہ وہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے ۔ جس سے عوام میں انتظامیہ کے تئیں اعتماد پیدا ہو گا ۔ انہوں نے مشکل حالات کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے آفیسران کی سراہنا کی ۔ دریں اثنا بی بی ویاس نے پلوامہ کے کنڈی زال اور گیلندر مقامات پر کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے مجوزہ جگہ کا بھی دورہ کیا ۔