سرینگر//مقامی اخبارات میں ایک غیر معروف بیرونی کمپنی کی جانب سے مفت حج کے حوالے سے شائع شدہ اشتہار پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کاروباری انجمنوں کے اتحاد کشمیر چیمبرآف کامرس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ اس طرح کے مشکوک اشتہارات کو خاطر میں نہ لائیں اور کسی کے جھانسے میں نہ آئیں ´۔چیمبر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایک غیر معروف غیر ریاستی ٹریول ایجنسی نے مقامی اخبارات میں غرباءکیلئے مفت حج کے حوالے سے ایک اشتہار شائع کرایا ہے جبکہ اپنے آفس کا پتہ بھی درج نہیں کیا گیا ہے ۔چیمبر ذمہ داران کے مطابق یہ ایک مشکوک قسم کا اشتہار ہے جسے یہاں کے سادہ لوح عوام کو ٹھگنے کی کوشش سے تعبیر کیا جانا چاہئے ۔۔چیمبرآف کامرس نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے کسی قسم کے جھانسے میں نہ آئیں ۔نیز انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس قسم کی مشکوک کمپنی کی چھان بین کرکے اسکے حقائق سامنے لائیں تاکہ سادہ لوح عوام کو ٹھگا نہ جاسکے ۔بیان کے مطابق وزارت اقلیتی امور کی جانب سے کوٹا فراہم کئے جانے کے بغیر کوئی بھی ٹریول کمپنی حج کی بکنگ نہیں کراسکتی ہے ۔لہٰذا معاملے کی دقیق چھان بین کی جانی ضروری ہے کہ یہ کون لوگ ہیں جو ازخود لوگوں کیلئے مفت حج کا انتظام کراسکتے ہیں۔