جموں//بانہال کے رہنے والے نصیر احمد کو مہاراج گنج اتر پردیش کی ایک عدالت نے 14دن کےلئے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے، اگر چہ جموں کشمیر پولیس نے بھی عدالت سے اسے اپنی تحویل میں دینے کی مانگ کی تھی تاہم چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے ریاستی پولیس کی مانگ کو مسترد کر دیا ۔ قابل ذکر ہے کہ ڈولیگام بانہال کے رہائشی34 سالہ نصیر احمد کو رواں ماہ کی13تاریخ کو سیما سرکھشا بل نے ہند نیپال سرحد پر سونالی قصبہ میں اس وقت حراست میں لے لیا تھا جب وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے برآستہ نیپال ہندوستان واپس آنے کی کوشش میں سرحد عبور کر رہا تھا۔ عدالت نے اس سے قبل اسے 12دن کے لئے اتر پردیش کے اینٹی ٹیررزم سکواڈ کی تحویل میں دیا تھا ۔نصیر کے پاس پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ملا تھا جس میں اس کی رہائش لالہ موسیٰ ، پنجاب پاکستان دکھائی گئی ہے ۔ تفتیشی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ نصیر حزب المجاہدین کی صفوں میں شاملتھا، 2002میں اسے گولی لگی جس کے بعد وہ پاکستان چلا گیا تھا۔