نئی دہلی، 28 مئی (یو این آئی) مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ ( سی بی ایس ای) نے آج 12 ویں کے امتحان کے تمام نتائج کا اعلان کردیا۔ سی بی ایس ای کے نتائج میں اس بار بھی لڑکیوں نے بازی ماری ہے ۔نوئیڈا کی رکشا گوپال نے ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔ انہوں نے کل 99.6 فیصد نمبرات حاصل کئے ۔ چنڈ¸ گڑھ کی طالبہ بھومی ساونت 99.4 فیصد نمبرات حاصل کر کے دوسرے مقام پر اور 99.2 فیصد نمبرات کے ساتھ آدتیہ جین تیسرے مقام پر رہے ۔ رکشا گوپال نے انگریزی، سیاسیات اور معاشیات میں سو فیصد نمبرات حاصل کئے ہیں۔ ترقی انسانی وسائل کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے سی بی ایس ای کے نتائج میں ٹاپ کرنے والے بچوں کو مبارک باد دی ہے ۔ سی بی ایس ای کے نتائج کے مطابق اس بار کل 82 فیصد طالب علم پاس ہوئے ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک فیصد کم ہے ۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس بار 95 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد بڑھی ہے ۔ اس بار 12 ویں میں 10091 بچوں نے 95 فیصد سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ہیں جبکہ پچھلی بار یہ اعداد و شمار 9351 تھا۔
یو این آئی ۔