جموں//کھلے میں قضائے حاجت سے پاک قرار دئیے گئے ریاسی بلاک کے لوگوں اور انتظامیہ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے مبارک باد دی ۔ اتوار کو نشر ہونے والی ’من کی بات‘ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سوچھ بھارت ابھیان کے دوران جموں کشمیر کا ریاسی بلاک کو پوری طرح سے کھلے عام رفع حاجت سے پاک کر دیا گیا ہے ۔ ریاسی بلاک کی عوام اور متعلقہ محکموں کے افسران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جموں کشمیر نے سوچھ بھارت مہم کے تحت پورے ملک کےلئے یہ ایک مثال قائم کی ہے اس کے لئے میں پوری ریاست کو مبارک باد دیتا ہوں‘۔انہوں نے بتایا کہ ریاسی بلاک میں خواتین نے بیداری چلائی، وہ گھر گھر اور گلی گلی گئیں اور لوگوں کو کھلے میں قضائے حاجت کے منفی اثرات کے بارے میں بتایا ، خواتین نے مشعل بردار جلوس نکالے اور لوگوں کو سوچھ بھارت کاہدف حاصل کرنے کی ترغیب دی ۔ مودی نے ریاسی بلاک کی خواتین کودل کی عمیق گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتظامیہ کو بھی اس کامیابی کے لئے بدھائی دی۔ دریں اثنا وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت اور مقامی ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے تین ماہ کے دوران وزیر اعظم نے من کی بات میں دوسری بار ریاست جموں کشمیر اور بالخصوص ادہم پور ڈوڈہ حلقہ کا ذکر کیا ہے ۔اس سے قبل فروری میں انہوں نے بیٹی بچاﺅ بیٹی پڑھاﺅ پروگرام کوآگے بڑھانے میں نمایاں کارکردگی کےلئے کٹھوعہ ضلع کا ذکر کیا تھا۔ قابل ذکر ہے حال ہی میں مرکزی وزیر دیہات سدھار نریندر سنگھ تومار نے ریاسی کا دورہ کر کے 11پنچایتوں پر مشتمل بلاک کو کھلے عام قضائے حاجت سے پاک قرار دیا تھا۔