جموں //خوراک، سول سپلائز و امور صارفین اور اطلاعات و رابطہ عامہ کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے فلاحی و ترقیاتی کاموں کو مؤثر ڈھنگ سے اُجاگر کرنے میں ذرائع ابلاغ کا تعاون طلب کیا ہے ۔انہوںنے میڈیا برادری سے ریاست کے سیاحتی اور صنعتی وسائل کی عکاسی کرنے میں بھی اپنے رول ادا کرنے کی تاکید کی۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار آج جموں میں میڈیا برادری سے بات چیت کرنے کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ ریاست کو بہتر ڈھنگ سے اُجاگر کرنے کے لئے ایک ذمہ دار اور متحرک لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور ریاست کی ایک مثبت ساکھ پیش کرنے میں میڈیا انتہائی تعمیر ی رول ادا کرسکتا ہے ۔ انہوں نے مختلف فلاحی اور ترقیاتی پروگرام مؤثر طور عملانے اور انہیں لوگوں تک پہنچانے میں بھی میڈیا کا تعاون طلب کیا۔ وزیر موصوف نے ذرائع ابلاغ کو جمہوریت کا چوتھا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا نظام کے مختلف مدوں میں توازن برقرار رکھنے اور غلط کاموں پر روک لگانے میں بھی کلیدی رول ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عمل شفافیت اور جواب دہی کو فروغ دینے کے لئے لازمی ہے۔انہوںنے کہا کہ لوگوں تک جانکاری پہنچانے اور انہیں باخبر رکھنے میں بھی میڈیا لازمی رول کرتا ہے۔دریں اثنا مختلف اخباروں کے مدیروں نے صحافتی برادری کو درپیش کئی معاملات وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے جن میں پریس فورم اورپریس کالونی کا قیام ،اشتہاری پالیسی کی موثر عمل آوری،اشتہارات کی تقسیم کاری کے لئے اخباروں کی زمرہ بندی اور اشتہارات جاری کرنے کے لئے اخبارات کی ایمپینلمنٹ شامل ہیں۔کام کرنے والے صحافیوں نے ریاست میں ویج بورڈ کی سفارشات لاگو کرنے اور انہیں بھی مدیروں کی طرز پر سہولیات دستیاب رکھنے کا مطالبہ کیا۔میڈیا برادری کے معاملات غور سے سننے کے بعد چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت ریاست میں ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کے مسائل سے پوری طرح واقف ہے ۔ اُنہوںنے کہا کہ یہ لوگ انتہائی کشیدہ حالات میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت صحافیوں کی بہبودی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔سیکرٹری اطلاعات ایم ایچ ملک ، ناظم اطلاعات ارون منہاس ،جوائنٹ اطلاعات جموں منیشا سرین اور محکمہ کے کچھ دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔