سرینگر//سرینگر اور جموں شہروں میں 200 بستروں کی گنجائش والے 2 زچگی ہسپتال اگلے ایک برس کے دوران چالو کئے جائیں گے جبکہ بارہمولہ ، اننت ناگ اور راجوری میں تعمیر ہو رہے تین میڈیکل کالجوں پر کام سرعت سے جاری ہے اور یہ کالج 2 برسوں کے دوران مکمل ہونے کی توقع ہے۔یہ جانکاری وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران دی گئی۔میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ جموںمیں زچگی ہسپتال کی عمارت مکمل کی جاچکی ہے اور اس عمارت میں اس وقت فنشنگ کا کام جاری ہے جس کے بعد یہ عمارت پوری طور سے تیار ہوگی ۔ اسی طرح زچگی ہسپتال سرینگر کی عمارت بھی تعمیر کی گئی ہے اور یہ ہسپتال اگلے برس کے اوائل میں چالو کیا جائے گا۔میٹنگ میں مزید جانکاری دی گئی کہ سرینگر میں 25کروڑ روپے کی لاگت والے بچہ ہسپتال پر کام جاری ہے جبکہ ریاست کے ہسپتالوں میں 114 بڑے کام عملائے جارہے ہیں جن پر پچھلے برس کے دوران 275کروڑ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔محبوبہ مفتی نے اننت ناگ ، بارہمولہ اور راجوری میں تعمیر ہو رہے 3میڈیکل کالجوں کے کام پر متواتر نظر گزر رکھنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کٹھوعہ اور ڈوڈہ کے میڈیکل کالجوں کے حوالے سے التوا ٔمیں پڑے تمام معاملات کو حل کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے ریاست کے طبی اداروں کے عملے اور سازو سامان کے اعتبار سے معیاری طور بڑھاوا دینے کی بھی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو صحیح معنوں میں طبی سہولیات مہیا کرائی جاسکیں۔