گول//محکمہ صحت عامہ نے گول کے مکجی علاقہ میں تقریباً ساٹھ گھروں کو نالے کاپانی سپلائی کر دیا جس سے لوگوں میں کافی تشویش پا جا رہی ہے اور لوگ احتجاج پر اُتر آئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سیرا حوض میں محکمہ صحت عامہ کے اہلکاروں نے نالے کا پانی بھر دیا اور نالے سے ہی کئی روز سے اس حوض میں پانی بھرا جاتا ہے اور بعد میں یہاں سے ہی سپلائی کیا جاتا ہے ۔اس سلسلے میں جب مقامی لوگوں کو معلوم ہوا تو وہ کافی تشویش میں مبتلاہو گئے ۔فیاض احمد نامی ایک شہری کا کہنا ہے کہ وارڈ نمبر4وانی محلہ، شیخ محلہ ،ٹھکر محلہ، منہاس محلہ وغیرہ میں سیرا حوض سے پانی سپلائی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس چشمے سے اس حوض میں پانی آتا تھا وہاں پر پسی گر آئی ہے جس کو اٹھانے میں آدھ دن لگ سکتا تھا لیکن محکمہ کے اہلکاروں نے ساتھ ہی میں چل رہے ایک نالے میں پائپیں لگا دیں اور اس نالے میں اوپر سے گندہ پانی آتا ہے اور اسی کو حوض میں بھر دیا جہاں سے لوگوں کو سپلائی کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے اس سلسلے میں اعلیٰ حکام و انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس لا پروائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تا کہ آئندہ اس طرح کی غلطی کوئی نہ کر سکے۔