سرینگر//نیشنل کانفرنس پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک غیر معمولی اجلاس پارٹی کارگذار صدر عمر عبداللہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کے علاوہ کئی سرکردہ لیڈران موجود تھے۔ شرکا لیڈران نے اجلاس کو ریاست خصوصاً وادی کی سیاسی، سیکورٹی اور انتظامی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ اس دوران وادی میں جاری بے چینی اور غیر یقینی صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ لیڈران نے کہا کہ وادی میں امن و قانون کی صورتحال دن بہ دن ابتر ہوتی جارہی ہے ،غیر یقینی صورتحال سے لوگ عدم تحفظ کے شکار ہیں۔ اقتصادی بدحالی، سیاسی انتشار اور انتظامی خلفشار نے وادی کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ مواصلاتی کریک ڈائون ، کرفیو اور بندشوں نیرہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ موبائل فونوں اور انٹرنیٹ پر قدغن سے لوگوں کے مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی سے اس سے منسلک افراد بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران لوگوں کو بجلی، پانی اور راشن کی قلت کی صورت میں درپیش مسائل و مشکلات بھی اجاگر کئے گئے۔ اس کے علاوہ جنرل سکریٹری پارٹی سرگرمیوں اور تنظیمی امورات کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔ اس موقعے پر کارگذار صدر عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور اُن کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اجاگر کرکے ان کا سدباب کرانے کیلئے بھر پور کوشش کریں۔