گاندربل//2 جون کو میلہ کھیر بوانی کے سلسلے میں ہورہے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے دن بھر تولہ مولہ میں اعلی حکام کا تانتا بندھا رہا۔میلہ کھیر بوانی جمعرات کو شروع ہورہا ہے اور جمعہ کو اختتام پذیر ہوگااور اس میں شرکت کرنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں کشمیری پنڈتوں کے آنے کا امکان ہے۔ گورنر این این ووہرا نے استھاپن کا دورہ کر کے ریاستی عوام کی خوشحالی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے جیشٹھا اشٹمی کے موقعہ پر عوام بالخصوص کشمیری پنڈتوں کو مبارکباد دی ہے ۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، صوبائی کمشنر بصیر احمد خان ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل طارق حسین گنائی اور دیگر افسران اور پنڈت برادری سے وابستہ افراد نے گورنر کا خیر مقدم کیا ۔ گورنر نے چیف سیکرٹری اور دیگر افسران کے ساتھ میلہ کھیر بھوانی کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے صوبائی کمشنر کو زاکورہ سے استھاپن تک اور گاندر بل قصبے سے کنگن تک سڑک کی حالت کو بہتر بنانے اور استھاپن پر ایس ٹی پی قایم کرنے کے عمل کو وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے افسروں کو کھیر بھوانی میلے کے بحسنِ خوبی انعقاد کیلئے آپس میں قریبی تال میل قایم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میلہ کشمیر کا بے حد اہم مذہبی میلہ ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ میلے کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا جائیزہ لینے کے دوران افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے ۔ وزیر برائے صنعت و حرفت چندر پرکاش گنگا ، وائس چئیر مین جے کے پی سی سی خالد جہانگیر ، ڈپٹی کمشنر گاندر بل اور ضلع انتظامیہ سے وابستہ دیگر افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔انہوں نے انتظامیہ کو استھاپن پر حاضری دینے والے یاتریوں کی حفاظت کیلئے موثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کیلئے معقول ٹرانسپورٹ انتظامات بھی دستیاب رکھے جانے چاہئیں تا کہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر گاندر بل نے وزراءکو مطلع کیا کہ یاتریوں کیلئے موثر حفاظتی انتظامات کے علاوہ استھاپن علاقے کی حدود میں 50 کوئینٹل راشن بشمول 25 کوئینٹل چاول ، 20 کوئینٹل آٹا ، 15 کوئینٹل چینی ، ایک ہزار لیٹر تیل خاکی اور وافر مقدار میں رسوئی گیس سلینڈر ذخیرہ کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کو دو کوئینٹل چینی مفت تقسیم کرنے کیلئے بھی رکھی گئی ہے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ کھیر بھوانی میں ڈاکٹروں ، نیم طبی عملے ، حیات بخش ادویات اور ایمبولینس کی سہولیت سے لیس دس بستروں والا کیمپ ہسپتال بھی قایم کیا گیا ہے اس کے علاوہ یاتریوں کیلئے 2 ہزار کمبلیں بھی ذخیرہ کی گئی ہیں جبکہ استھاپن کی جانب جانے والی سڑکوں پر سٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و مرمت کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ سڑکوں کی تجدید و مرمت بھی کی گئی ہے۔وزیر برائے مال ، امداد ، باز آباد کاری و تعمیر نو عبدالرحمان ویری نے کل انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ تولہ مولہ میں کھیر بھوانی کا دورہ کر کے افسران کو میلے کے دوران استھاپن پر عقیدت مندوں کو ہر ممکن سہولیت دستیاب رکھنے کیلئے آپس میں قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی ۔تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کھیر بھوانی تولہ مولہ کا دورہ کر کے موجود پنڈتوںسے بات کی اور انہیں میلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی مسلمان تولہ مولہ میں اپنے بھائیوں کی آمد کے انتظار میں ہیں۔
این سی کی مبارکباد
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے سالانہ میلہ کھیر بھوانی پر کشمیری پنڈت برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس قدیم اور تاریخی مندر کے ساتھ ہندو برادری خصوصاً پنڈت برادری کو زبردست عقیدت رہی ہے اور یہاں کے مسلمان اپنے پنڈت بھائیوں کو تمام قسم کی سہولیات دستیاب رکھنے میں کلیدی رول ادا کرتے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں تک کہ نامساعد حالات میں بھی کشمیری پنڈت برادری کے تئیں اپنے فرائض نبھاتے رہے ہیں اور پنڈتوں کو تمام تر سہولیات دستیاب رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنے دی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پنڈتوں کے بغےر کشمےری عوام کسی بھی صورت مےں مکمل نہےں اور پنڈت برادری ہمارے سماج کی اہم جز ہے اور خدا کرے کہ پنڈت لوگ پھر اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئےں۔پارٹی کے ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار اور سینئر لیڈر و اقلیتی سیل کے چیئرمین ایم ایل سی شری وجے بقایا اور سابق ایم ایل سی بھوشن لعل بھٹ نے بھی میلہ کھیر بھوانی کے تہوار پر پنڈت برادری کو مبارکباد پیش کیا ہے۔
رمن مٹو کی ایس ٹی پی جلداز جلد مکمل کرنے کی ہدایت
سرینگر //وزیر اعلیٰ کے صلاح کار پروفیسر مٹو نے کل تاریخی کھیر بھوانی استھاپن کا دورہ کر کے سالانہ میلے کے احسن انعقاد کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائز ہ لیا۔ انہوںنے ایس ٹی پی کے لئے وزیر اعلیٰ کی جانب سے اضافی 25لاکھ روپے کی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے استھاپن میں زیر تعمیر ایس ٹی پی کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوںنے کہا کہ اس سے ماحولیات کو آلودگی سے پاک رکھا جاسکتا ہے۔ استھاپن پر آنے والے یاتریوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی افسران کو ہدایت دیتے ہوئے پروفیسر امیتابھ مٹو نے کہا کہ میلے کے احسن انعقاد کے لئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جانی چاہئے۔
چھٹی جمعہ کو ہوگی
سرینگر //کشمیر خطے میں میر کھیر بھوانی کے سلسلے میں اب یکم جون کے بجائے 2 جون 2017ءکو عام تعطیل رہے گی۔ایک سرکاری حکمنامے میں کہا گیا ہے ” سرکاری حکمنامے زیر نمبر 1345-GAD of 2016 بتاریخ 9 دسمبر 2016ءمیں جزوی ترمیم کے تحت کشمیر خطے کے تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں میلہ کھیر بھوانی کی چھٹی اب یکم جون 2017ءجمعرات کے بجائے 2 جون 2017ءکو ہوگی ۔“