جموں//منگل اور بدھ کی درمیانی شب تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی ہلکی بوندا باندی سے جموں میںموسم خوشگوار ہو گیا جس سے بالخصوص روزہ داروںکو راحت محسوس ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے مزید اگلے تین دن تک ہلکی اور درمیانہ درجہ کی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کے شعبہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 31مئی سے موسم میں آنے والی خوشگوار تبدیلی 3جون تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔بدھ کے روز جموں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31.4ڈگری سیلسس رہا جو معمول سے 8ڈگری کم تھا جب کہ کم از کم درجہ حرارت 25ڈگری رہا جو معمول سے 2ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ بھدرواہ اور بانہال کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24جب کہ کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 14.8اور 11.9ڈگری رہا ۔ بٹوت کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23.6ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 15.7ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جموں میں آج یعنی یکم جون کو ہلکی جب کہ دو جون کو کم ا ور تین جون کو چھینٹے پڑنے کا امکان ہے ۔ 4اور 5جون کو موسم خشک رہنے کے بعد 6جون کو ایک بار پھر ابر آلود موسم کے ساتھ کہیں کہیں چھینٹے پڑنے کی توقع ہے ۔