بانہال // دو روز تک ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے مکمل طور بند رہنے کے بعد جموں سرینگر شاہراہ کو بدھ کی صبح جموں سے وادی کشمیر کی طرف چھوڑے گئے ٹریفک کی صورت میں بحال کیا گیا ہے۔ اج جموں ، نگروٹہ ، بائی پاس ، ادہمپور اور چندرکوٹ کے مقام کئی روز سے درماندہ پڑی گاڑیوں کو بھی وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اج شاہراہ جموں سے وادی کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی اور اس دوران مخالف سمت سے کسی بھی قسم کی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج شام تک سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیوں نے جواہر ٹنل کو پار کیا تھا اور مزید ٹریفک وادی کی طرف بڑھ رہا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ہفتے کے روز حزب کمانڈر کی ہلاکت کے بعد ہفتے اور اتوار کے دو روز تک شاہراہ پر ٹریفک کی امدورفت وقفے وقفے سے متاثر رہی تھی جبکہ پیر اور منگل کے روز شاہراہ پر کسی بھی قسم کے ٹریفک کوچلنے کی اجازت نہیں تھی اور شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور بند رکھی گئی۔