نڈی//سب ضلع اسپتال منڈی میں ڈاکٹروں کی شدید قلت پائی جا رہی ہے جبکہ اسپتال میں 8 ڈاکٹروں کی اسامیاں گزشتہ کئی سال سے خالی پڑی ہوئی ہیں ۔ تحصیل منڈی کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد آبادی پر محکمہ کی طرف سے محض پانچ ڈاکٹروں سے کام چلایا جا رہا ہے۔سب ضلع اسپتال منڈی میں ماہر ڈاکٹروں کی تین جبکہ عام ڈاکٹروں کی پانچ اسامیاں خالی پڑی ہیں جس کی وجہ سے عام بیماروں کو علاج و معالجہ کے لئے ضلع اسپتال پونچھ کا ہی رخ کرنا پڑتا ہے ۔اسپتال میں جن ماہر ڈاکٹروں کی اسامیاںخالی ہیں، ان میں ماہر امراض اطفال ،ماہر جراحیت اور انستھیزیاہیں جبکہ 5 عام ڈاکٹروں کی اسامیاں بھی عرصہ دراز سے خالی ہیں جنکا نہ ہونا غریب عوام کے لئے کافی مشکلات کھڑی کر رہا ہے۔ ان ڈاکٹروں کے نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ضلع اسپتال پونچھ جانا پڑتا ہے۔ محمد اقبال نامی ایک شخص نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق ساوجیاں سے ہے اوروہ آج اپنے والد کو سب ضلع اسپتال ان کی صحت کا معائنہ کروانے کے لئے لائے تھے مگر ڈاکٹروں نے انہیں بہتر علاج کے لیے سرجن سپیشلسٹ کے پاس جانے کا مشورہ دیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے والد کے علاج کے لئے پونچھ جانا پڑ رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اتنا خرچہ نہیں ہے کہ وہ پونچھ جا کر والد کا علاج کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا تعلق ایک غریب کنبہ سے ہے جو دن میں محنت مزدوری کر کے اپنے اہل وعیال کا پیٹ پالتے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ منڈی میں سب ضلع اسپتال ہے جہاں پر ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے ان جیسے سینکڑوں غریب لوگوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں میں سے ایک فزیشن سپیشلسٹ تو تعینات ہے مگر اس کو بھی محکمہ کے افسران نے ضلع اسپتال پونچھ میں ہی آج سے اٹیچ کردیا۔ رابطہ کرنے پر بلاک میڈیکل افسر منڈی ڈاکٹر مشتاق حسین نے ڈاکٹروں کی آٹھ آسامیاں خالی ہونے اور فزیشن سپیشلسٹ کی اٹیچ منٹ کے حوالے سے کہا کہ عرصہ دراز سے اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی اسامیاں خالی پڑی ہیں جس کے لئے محکمہ کے اعلیٰ افسران کو تحریری طور پر متعدد دفعہ لکھا گیا مگر آج تک ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی ہے جس کیلئے انہیں عوام کے سامنے جوابدہ ہوناپڑتاہے ۔ اسپتال کے واحد فزیشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج ہی ان کو چیف میڈیکل افسر پونچھ کی ہدایات پر ضلع اسپتال پونچھ میں اٹیچ کیا گیا ۔وہیں پر منڈی کی سیول سوسائٹی نے ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ سب ضلع اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کہ تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تحصیل منڈی کی غریب عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔