بڈگام//ماہ مبارک کے شروع ہوتے ہی بڈگام میں ناقص بجلی سپلائی کی وجہ سے لوگوں کو سحری اور افطاری گھپ اندھیرے میں گذارنے پڑ رہی ہے۔ ضلع کے جن متاثرہ علاقوں سے لوگ بجلی کی آنکھ مچولی کی شکایت کر رہے ہیں ان میں بڈگام رسیونگ اسٹیشن کے تحت آنے والے علاقہ گلوان پورہ ، ہاکر محلہ ، وارسنگم ، لیڈیبل، ہرن، ابو تراب چوک اور دیگر گاﺅں شامل ہیںجبکہ بڈگام رسیونگ سٹیشن سے ہی بجلی حاصل کرنے والے نصراللہ پورہ کے وسیع علاقےجو وتر ولی، لبرتل، چند پورہ، شولی پورہ، ہردوویل ، گنہامہ آباد پورہ، معمتھ، ڈانگر پورہ اور وتر ہیل دیگر درجنوں گاﺅں پر مشتمل ہے ،میں بھی لوگ ماہ مبارک کے پہلے ہی روز سے بجلی کی آنکھ مچولی سے دوچار ہیں۔ مذکورہ علاقوں کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان دنوں وہاں 24میں سے 2یا 3 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے ۔ دوسری طرف بیرہ اور کھاگ رسیونگ اسٹیشن کے اندر آنے والے علاقے جن میں سیل، زانی گام ، درنگ، پوشکر ، دالواش ، خاگ ، لالپورہ، اسکندر پورہ، گجر پتی، زوگی پورہ ، باروہ، عاری پانتھن، رکھسن ، مکھہامہ، ملپورہ اور ہانجی بگ میں لوگ بجلی کی آنکھ مچولی سے پریشان ہیں ۔ اس سلسلے میں ایکس ای ان ڈویژن بڈگام مظفر مختار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بیروہ کے متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہKV 35 لائن میںبار بار فالٹ آنے کی وجہ سے ہو رہی ہے جبکہ رسیونگ سٹیشن بڈگام میںMV K 10ٹرانسفارمر کی خرابی کی وجہ علاقہ شولی پورہ اور غلوام بجلی سپلائی بار بار متاثر ہو رہی ہے،ان کے بقول محکمہ لوگوںکےلئے بلا خلل بجلی سپلائی کرنے میں لگا ہوا ہے۔