سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کل ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں میونسپل شاپنگ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیرموصوف کے ہمراہ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر فاروق احمد لون ، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر شفقت خان بھی تھے۔9325مربع فٹ پر محیط یہ کمپلیکس 7.32کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گااور اس کی نچلی منزل میں 37 گاڑیاں پارک کرنے کی گنجائش ہوگی۔ پہلی اور دوسری منزل میں پندرہ پندرہ دکانیں موجود ہوں گی جبکہ کمپلیکس کی تیسری منزل پر ایک کمیونٹی ہال قائم کیا جائے گا۔پہلی منزل میں موجود15دکانوںمیں سے 13دکانیں ان مستحقین میںالاٹ کی جائیں گی جن کی دکانیں پہلے ہی موجود شاپنگ کمپلیکس میں تھیں جبکہ 17 دیگر دکانوں کی نیلامی عمل میںلائی جائے گی۔اس موقعہ پر الطاف بخاری نے مستحقین کو یقین دلایا کہ اس کمپلیکس پر کام جلد از جلد شروع ہوگا اور اس سے قلیل مدت میںمکمل کیا جائے گا۔بخاری نے مزید کہا کہ دکانداروںکو شہری ریٹیل تجارت میں ایک کلیدی حیثیت حاصل ہے اور وہ لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔انہوںنے کہا حکومت چھوٹے تاجروں کے حقو ق کو تحفظ دینے کی وعد ہ بند ہے تاہم وزیر نے کہا کہ ریڈہ بانوں کی معقولیت بھی عمل میںلائی جائے گی تاکہ ٹریفک کی نقل وحمل میں دقتوں کا سامنانہ کرنا پڑے۔