سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل سول سوسائٹی کے نمائندوں اورسول انتظامیہ کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران اُن کے ساتھ مختلف ترقیاتی معاملات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں سو ل انتظامیہ کے متعلقہ آفیسران ،کشمیر سوسائٹی کے ممبران،سرکاری وغیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور سرکردہ شہریوں نے شرکت کی۔سول سوسائٹی کے ممبران نے صوبائی کمشنر کے ساتھ ثقافتی ورثے کے فروغ ،مقامی دستکاری،نوجوانوں کی سرگرمیوں ،منشیات کے انسداد اورترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا اور کئی تجاویز پیش کیں۔صوبائی کمشنر نے آفیسران کو خدمات کی فراہمی کے سلسلے میںعام لوگوں کے معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ کشمیر سوسائٹی کو سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں شامل ہوکر سماج کی فلاح وبہبود خصوصاً نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے تعائون دینا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ امن اور آپسی بھائی چارہ سماجی ترقی کے لئے لازمی ہے اور لوگوں کو سماجی بدعات کا قلع قمع کرنے کے لئے آگے آنا چاہیے۔دریں اثنأ صوبائی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں۔انہوں نے کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔