سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شہرالقرآن، فلسفہ رمضان المبارک ، روزوں کی فضیلت پر کل مسجد شریف زیارت سید کرم شاہ صاحبؒ گول مارکیٹ کرن نگر میں وعظ و تبلیغ کیا۔ انہوں نے قرآن مجید کی اہمیت، عظمت اور شان بیان کی ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید مسلمانوں کیلئے لائحہ عمل ہے اور اسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز مضمر ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن کی تلاوت اور نمازوں کی پابندی یقینی بنا کر اپنی آخرت سنوارے۔ وادی کے موجودہ حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے میرواعظ کشمیر نے آئے روز وادی کشمیر میں نوجوانوں کی مسلسل نسل کشی کو بھارت کی جمہوریت پر کاری ضرب قرار دیااور کہا کہ مسلم ریاست پر جاری ظلم و ستم ، جبر و استبداد سے عالم انسانیت بھی شرمسار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانانِ ریاست خصوصاً وادی کشمیر کیخلاف اعلان جنگ کیا گیا ہے، بے گناہ اور کم عمر نوجوانوں پر سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا گیا اورننھے بچوں پر پیلٹ گنوں کے دھانے کھول کر ابدی نیند سلایا جارہا ہے جبکہ پوری وادی فوجی چھاونی میں تبدیل ہوگئی ہے۔اس موقعے پر مسجد شریف کے امام و خطیب الحاج قاری حافظ مولوی محمد یاسین کاشفی نے مسلمانوں سے آپسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر دشمن کیخلاف متحدہ ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نااتفاقی میں دشمن ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے۔