جینوا//اقوام متحدہ نے کشمیر کی صورتحال کو باعث تشویش قرار دےتے ہوئے کہا ہے کہ ہند پاک کو باہمی مسائل کا حل پرامن مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا چاہئے ۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر ہند پاک کے درمیان جاری کشیدگی کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ترجمان نے حد متارکہ آر پار آتشی گولہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔معمول کی بریفنگ کے دوران ایک پاکستانی صحافی کی جانب سے کیے گئے سوال پر ترجمان کا کہنا تھا،’کشمیر کی صورتحال ہماری لیے باعث تشویش ہے‘۔ترجمان اسٹیفنے دوجارک کا مزید کہنا تھا کہ’سیکریٹری جنرل اس صورتحال کو بغور دیکھ رہے ہیں اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں‘۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پونچھ اور راجوری جموں میں حد متار کہ ہند پاک افواج کے درمیان آتشی گولہ باری کے نتیجے میں آر پار سیول فورس اہلکار سمیت 3 افراد مار ے گئے اور 4خواتین سمیت 8افراد زخمی ہوئے جبکہ کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچاتھا۔