سرینگر //حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں کی جانب سے عوامی تحریک کو خانوں اور خطوں میںبٹی ہوئی تحریک کے بطور پیش کرنے کا مقصدعوامی مقبولیت اور ساکھ کو زک پہنچانا ہے ۔نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ تحریک حق خودارادیت کے حوالے سے پوری مزاحمتی قیادت اور عوام جس بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کررہے ہیں اس سے حکومت ہندوستان اور اس کے ریاستی اتحادی حواس باختہ ہو چکے ہیں اور گھبراہٹ کے عالم میں یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ تحریک جموںوکشمیر کی ایک مخصوص حصے تک محدود ہے ۔انہوں نے کہا کہ خطہ چناب کے عوام نے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کے ساتھ جس بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے حکمرانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ تحریک آزادی میں جموںوکشمیر کے سبھی خطے بشمول ڈوڈہ، بھدرواہ، کشتواڑ، راجوری، پونچھ جموںوغیرہ یکساں آواز رکھتے ہیں اگرچہ جموںکے ڈھائی اضلاع میں اس تحریک کا اثر محدود ہے تاہم تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے جموںوکشمیر کے سبھی خطوں کے عوام رواں تحریک آزادی میں شامل ہیں ۔فلک شگاف نعروں کے بیچ میرواعظ نے اعلان کیا کہ گیلانی ، میرواعظ یا یاسین ملک کو گھروں یا تھانوں میں مقید کرنے سے رواں تحریک آزادی کا قافلہ رک نہیں سکتا بلکہ پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔ میرواعظ نے اعلان کیا کہ عشرئہ رحمت کے دوران 8 رمضان المبارک بروز اتوار نماز ظہر کے بعد مسجد رحمت لالبازار میں وعظ و تبلیغ کی مجلس آراستہ کی جائیگی جبکہ 10 ماہ رمضان المبارک بروز منگل عرس پاک حضرت خدیجتہ الکبریٰ آستانہ عالیہ نقشبند صاحب میں بعد نماز ظہر مجلس وعظ و تبلیغ آراستہ کی جائیگی جس میں امہات المومنین حضرت خدیجتہ الکبریٰؓ کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔