سرینگر//ثقافتی ورثے کے تحفظ میںکار گر معماروں نے کل وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کے ساتھ ملاقات کی میٹنگ میںکشمیر کے شہری اور دیہی علاقوں میں ثقافتی اہمیت کی حامل سکولی عمارات کے تحفظ کے حوالے سے کئی منصوبہ جات پر تبادلہ خیال ہوا۔وفد کے ہمراہ ایس ایم سی کے کمشنر ڈاکٹر شفقت خان بھی تھے۔میٹنگ میںفتح کدل اور شمالی کشمیر کے ایک اور سکول کو پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے آئی آئی ٹی مدراس اور سول انجینئرنگ محکمہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ این آئی ٹی سرینگر جیسے مقامی تکنیکی ادارے بھی اس پروجیکٹ میں حصہ لیں گے۔اس کے علاوہ پروجیکٹ روایتی کاریگروں کو بھی کام پر لگایا جائے گا ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ ماہرین پر مبنی ٹیم 2ماہ کے اندر پروجیکٹ دستاویزات تیار کریں گے اور پروجیکٹ کی عمل آوری اگلے 6 ماہ میں یقینی بنائی جائے گی۔وزیر نے وفد کو پروجیکٹ کی تخمینہ رپورٹ داخل کرنے کے علاوہ ایس ایم سی کے کمشنر کو تمام ضروری جانکاری فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر نے کہا کہ ریاستی سرکار 2014ء کے سیلاب سے تباہ شدہ سکولوں کی باز آباد کاری کیلئے مدد کر رہی ہے اور سکولوں کو بہتر بنانے کے لئے تمام اقدامات کئے جارہے ہیںاور ثقافتی پہلو پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔