سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے سرینگر میں ایک میٹنگ کے دوران سلک فیکٹری راجباغ پر ہور ہے کام کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔یہ عمارت عالمی بینک کے معاونت والے جہلم اینڈ توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے تحت تعمیر کی جارہی ہے۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر جے ٹی ایف آر پی ، سندیپ کے نائیک ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شیلند رکمار ، مکانات وشہری ترقی ہردیش کمار ،سیکرٹری سیاحت فاروق احمد شاہ ، ڈائریکٹر سریکلچر میر طارق علی ، ڈائریکٹر تکنیکی تعلیم شبنم کاملی، کمشنر ایس ایم سی ڈاکٹر شفقت اور کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میںموجود تھے۔اس موقعہ پر سی آر سی آئی انڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ کی ڈائریکٹر گرمیت ایس رائے نے سلک فیکٹری راجباغ کے ڈیزائن کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں ایک پرزنٹیشن دی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ راجباغ میں موجود سلک فیکٹری ایک وقت پوری دنیامیں ریشم تیار کرنے والی سب سے بڑی فیکٹری تھی اوریہ بیسویں صدی کے طرزِ تعمیر کی ایک بہترین مثال تھی۔ اس موقعہ پر بتایاگیا کہ عالمی بینک نے ریاست میں دستکاری سیکٹر کو بڑھاوا دینے اور اسے بحال کرنے کے لئے 100کروڑ رروپے منظور کئے ہیں اور اس میں سلک فیکٹری ، وولن مل اور وادی میں تین دستکاری کلسٹر بنانے کے لئے 55کروڑ روپے بھی شامل ہے۔راجباغ میں سلک فیکٹری کی بحالی کے لئے لائیو ہڈ فار کمپوزٹ مارکیٹ عمل آوری سینٹر سکیم کے تحت رقومات منظور کئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ سال 2014ء کے تباہ کن سیلاب کے دوران سلک فیکٹری راجباغ کو کافی نقصان پہنچا تھا۔