سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل رامباغ سرینگر میں قوت سماعت اورگویائی سے محروم سکول کا دورہ کیا اور وہاں بچوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن،چیرمین جموںوکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن ،چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر اور ناظم صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی صوبائی کمشنر کے ہمراہ تھے۔سکول کے پرنسپل نے صوبائی کمشنر کو بتایا کہ کشمیر میں قوت سماعت اورگویائی سے محروم اس ادارے میں بچو ں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے علاوہ انہیں ہوسٹل سہولیات بھی دستیاب رکھی جارہی ہیں۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کو پرنسپل کے ساتھ مشاورت کرکے ایک ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی جس میں اعلیٰ ہنرمندی کی تعلیم اور دیگر سہولیات کے بارے میں تفصیل دی گئی ہو ۔انہوںنے کہا کہ ڈی پی آر ایک ہفتے کے اندر اندر ہی تیار ہونا چاہیے تاکہ ریاستی سرکار پروجیکٹ کو حتمی شکل دینے کے بعداس پر فوری طور کام شروع کیا جاسکے۔بصیر احمد خان نے کہا کہ پروجیکٹ کی عمل آوری سے بچوں کو جدید خطوط پر سہولیات دستیاب ہوں گی اوروہ اعلیٰ ہنر مندی کی تعلیم سے خود کفیل بن جائیں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ پروجیکٹ میں ہائی ٹیک کیمپوٹر لیبارٹری ،کھیل سہولیات،لیبارٹریاں اورسکول عمارت وغیرہ بھی شامل ہوگی۔