سرینگر//لبریشن فرنٹ کا ایک وفد بومئی سوپور اور براٹھ کلان پہنچا اور وہاں حال ہی میں جاں بحق ہونے والے اعجاز احمد میر اور بشارت احمد شیخ کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔فرنٹ وفد میں ضلع صدر عبدالرشید مغلو،مولوی ریاض،غلام قادر خان اور محمد عظیم زرگر وغیرہ شامل تھے۔ وفد نے دونوں شہداء کے گھر پر جاکر وہاں منعقدہ تعزیتی مجالس میں شرکت کی اور شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل و جزیل کی بھی دعائیں کیں۔ اس دوران حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر غلام نبی زکی نے بومئی سوپور اور براٹھ کلان سوپور جا کر گزشتہ دنوں سرکاری فوروسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران جاں بحق ہوئے بشارت احمد شیخ اور اعجاز احمد کو خراج عقیدت ادا کیا ۔ زکی نے شہدائے کشمیر کی قربانیوں کو پوری قوم کیلئے باعث افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری مزاحمتی قیادت اور عوام جس یکسوئی اور اتحاد کے ساتھ رواں تحریک مزاحمت کو آگے بڑھا رہے ہیں وہ آگے چل کر اس قوم کی دائمی فتح اور کامرانی کا سبب بنے گی۔ ادھر محاذآزادی کے نائب صدر قطب عالم کی قیادت میں ایک بومئی سوپور گیا اور بشارت احمد شیخ اور براٹھ کلاں کے اعجاز احمد کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی ۔ قطب عالم نے دونوں نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کی حفاظت کی جائیگی۔