گاندربل//گاندربل سے وائیل شاہراہ پر نونر کے مقام پر آبپاشی نہر میں جگہ جگہ شگاف پڑنے سے پانی کے بہائو سے گندگی اور غلاظت سڑک پر جمع رہنے سے عوام کو سخت مشکلات درپیش ہے۔ گاندربل سے وائیل شاہراہ پر لنگو محلہ نونر کے مقام پر سڑک کے کنارے پر گزرنے والی آبپاشی نہر کا سارا پانی نہر میں جگہ جگہ شگاف پڑنے سے اور گندگی اور غلاظت کا ڈھیر جمع رہنے سے سڑک پر بہتا رہتا ہے۔لنگو محلہ نونر میں سڑک کے ایک کنارے پر آبپاشی کی نہر بہتی ہے جبکہ دوسرے کنارے پر محکمہ سریکلچر کی نرسری موجود ہے چند قدم پر گورنمنٹ ہائی سکول بھی موجود ہے جہاں سینکڑوں طالب علم روزانہ سکول آتے اور جاتے ہوئے سڑک پر موجود پانی کی وجہ سے دوسری جانب سے راستہ اختیار کرکے سکول پہنچتے ہیں۔اسی جگہ لنگو محلہ نونر کے درجنوں مکانات کو بھی سڑک پر پانی موجود رہنے سے اس وقت سارا پانی مکانوں کی جانب بہتا ہے جب کوئی بڑی گاڑی جیسے بس،ٹپر یا ٹرک تیز رفتاری سے سڑک پر گزرتی ہے۔لنگو محلہ کے مقامی شہری گلزار احمد نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا"سڑک کے کنارے پر بہنے والی آبپاشی کی نہر میں جگہ جگہ شگاف پڑ چکے ہیں سالوں سے نہر کی مرمت نہیں کی گئی ہے،جن دنوں کھیت کھلیانوں میں پانی استعمال ضرورت ہوتا ہے تب اس نہر میں پانی چھوڑا جاتا ہے اور اس محلے میں رہایش پذیر آبادی کے ساتھ ساتھ ہائی سکول میں زیر تعلیم سینکڑوں طالبات کو بے حد مشکلات اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ اور محکمہ اریگیش سے نہر کی مرمت کرنے کی فریاد کی لیکن کسی نے بھی مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔اس بارے میں جب کشمیر عظمی نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ اس کو درست کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو ھدایت دی جائے گی۔