سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد نے کنگن کے کسانوں کو آبپاشی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہونے پر محکمہ آبپاشی کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ میاں الطاف احمد نے کہا ہے کہ اس وقت اگرچہ حلقہ انتخاب کنگن میں پنیری لگانے کا سیزن عروج پر ہے اور اس کے لئے پانی کی شدید ضرورت ہے تاہم محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول حلقہ میں سب سے اہم بابا کنال میں پانی میسر کرنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دے رہے ہیں جس کی وجہ سے کسان ذہنی پریشانیوں میں مبتلا ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ حلقہ انتخاب کے متعدد علاقے جن میں ہاری پورہ ، منیگام، یار مقام ،بنہ ہامہ،وسن، چھترگل شامل ہیں میں آبپاشی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کسانوں میں تشویش لاحق ہوگئے ہے کیونکہ ان علاقوں کا دارومدار کھیتی باڑی پر ہی ہے۔میاں الطاف نے مزید کہا کہ انہوں نے بابا آبپاشی کنال کی مرمت اور اس میں پانی میسر کرنے کا معاملہ ضلع ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں بھی اٹھایا تھا تاہم ابھی تک کنال میں پانی میسر رکھنے میں کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی پر زور دیا ہے کہ وہ بنا کسی تاخیر کے مذکور آبپاشی کنال میں پانی میسر کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے تاکہ کسان آسانی کے ساتھ کھیتوں کو سیراب کرسکیں۔