سرینگر //حضرت بل حلقے کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کئی عوامی وفود نے، مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش کے ساتھ اُن کی رہایش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اُن کی نوٹس میں لائے ۔یہ وفود بٹ پورہ ، رعنہ واری ، نہرو پارک ، خواجہ باغ ، اونتہ بھون ، آنچار ، عمر ہئیر ، رنگ پورہ اور ڈگ پورہ علاقوں سے آئے تھے۔ انہوں نے اپنے اپنے علاقوں کے ترقیاتی معاملات کے بارے میں بھی وزیر موصوفہ کو جانکاری دی ۔ موصوفہ نے اُن کے مسائل غور سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے ۔ حضرت بل قصبے کے ریڑے بانوں کے ایک وفد نے بھی آسیہ نقاش کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں دوسری جگہ منتقل کرنے کا معاملہ موصوفہ کی نوٹس میں لایا ۔ آسیہ نقاش نے انہیں یقین دلایا کہ انہیں کسی مناسب جگہ پر منتقل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ منتقلی کے دوران لوگوں اور علاقے کے مفادات کو ملحوظ نظر رکھا جائے گا ۔