سرینگر//بجلی کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے شہر سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کر کے وہاں آر اے پی ڈی آر پی پروجیکٹ کی پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ وزیر نے فرینڈس کالونی ، سرسید اونیو اور کواپریٹو کالونی کا دورہ کرنے کے علاوہ راول پور گرڈ سٹیشن، ائیر پورٹ روڈ رسیونگ سٹیشن اور رنگ ریٹھ پی ڈی ڈی سٹور کا بھی جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر وزیر کو جانکاری دی گئی کہ پروجیکٹ کے تحت ابھی مزید 65 فیڈرنصب کئے جانے ہیں جن پر 85 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے ۔ انہیں سکیم کے خدو خال کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔ اندرابی نے کام کی رفتار پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے الیکٹریکل مینو فیکچرنگ کمپنی کے نائب صدر کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے اپنی افرادی قوت اور مشنری کو متحرک کریں ۔ انہوں نے افرادی قوت کو تقویت بخشنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے مزید تکنیکی لوگوں کو کام پر لگائیں ۔ اس دوران مقامی لوگوں کے ساتھ استفسار کرتے ہوئے وزیر نے بجلی کے منظر نامے کے حوالے سے لوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔