سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ سکولوں اور کالجوں میں موسیقی اور تمدنی سرگرمیوںکوفروغ دینے سے سماج میں مثبت بدلائو آسکتا ہے۔کل ریاستی کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے منعقدہ موسیقی کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وادی کے مذہبی اور تمدنی منظر نامے میں عقیدتی موسیقی کا اہم رول رہا ہے۔وزیر نے کہا کہ کشمیر صوفیوں ، سنتوں کی زمین ہے جنہوں نے ہمیشہ امن اور رواداری کو بنائے رکھنے پر زور دیا۔ انہوںنے کہا کہ صوفیوں اور سنتوں نے قوالی اور صوفیانہ موسیقی کے ذریعے اپنے پیغامات عام کئے اور اگر اسے تعلیمی اداروں میں متعارف کیا جائے تو سماج میں مثبت بدلائو لایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں بہترین ادیبوں اور گلوکاروں نے جنم لیاہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری لوگوں کو ریاست سے باہر جا کر اپنے فن کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ وہاں کے لوگ کشمیر کی پُر امن تواریخ سے ہم آہنگ ہوسکیں۔دو روزہ پروگرام میں طلباء کے لئے قوالی کے مقابلے کا بھی اہتمام ہو رہا ہے اور جیتنے والے کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔تقریب پر نئی دلی کے نظامی بندو ، اکیڈیمی کے سیکرٹری ، وحید جیلانی ، گلزار گنائی، راشد جہانگیر ، طلباء اور دیگر حاضرین موجود تھے۔