سرینگر//حریت (ع) کے چیرمین اور متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمدعمر فاروق نے رمضان المبارک کے عشرہ رحمت کے آخری دن آستا ن عالیہ حضرت خواجہ نقشبند صاحب ؒخواجہ بازار میں نماز عصر سے قبل ایک بھاری دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے مردوں کے ساتھ ساتھ عورتوں کو بھی ان کے جائز حقوق عطا کئے ہیں اور یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے کہ عورتوں کے حقوق سے متعلق اسلام کی تاکیدی احکامات کے باوجود آج کے معاشرے میں عورت کو اس کے حقوق خصوصاً حق وراثت سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عورتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے حوالے سے آواز بلند کریںاور اسلام نے جو حقوق ایک عورت کو دئے ہیں ،ان کی ادائیگی ہر مسلمان پر فرض ہے۔ میرواعظ نے ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ ؓ کے یوم وفات کی مناسبت سے عالم اسلام کے اس اولین محسنہ اور برگزیدہ خاتون کو ان کی دین اسلام ، پیغمبر اسلام ﷺ کے تئیں ایثار و قربانی ، فداکاری و جانثاری کے لافانی جذبہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم خاتون نے ، پیغمبر اسلام آنحضرت ﷺ اور تحریک اسلام کے تئیں اپنا سب کچھ اللہ تعا لیٰ کی رضا کی خاطر اللہ کی راہ میںنچھاور کرکے تاریخ اسلام میں ایک درخشان باب رقم کیا ہے ۔ میرواعظ نے دین اسلام میں عورت کی عظمت و حرمت اور ام المومنین کی بے مثال خدمات اور قربانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ نے ایسے حالات میں حضور ﷺ کا ساتھ دیا جب پوری دنیا ان کی دشمن ہو چکی تھی۔