سرینگر//وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ سرکار ریاست میں کلسٹر یونیورسٹیوں کو پوری طرح سے قابلِ کار بنانے کیلئے ہر ممکن مالی مدد فراہم کرے گی ۔ ایک جائیزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ میٹنگ میں روسا، کیپکس پلان اور مالی بجٹ کے استعمال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔ وزیر نے وایس چانسلروں کو یونیورسٹیوں کیلئے کنٹرولر آف امتحانات کی تعیناتی کیلئے ایک ہفتے کے اندر منصوبہ تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے دونوں یونیورسٹیوں میں غیر تدریسی عملے کی تعیناتی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کے بھی احکامات دئیے ۔ ایک اور میٹنگ میں وزیر نے سنٹرل یونیورسٹی جموں کے کام کاج اور حصولیابیوں کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون اور یونیورسٹی کے وایس چانسلر و رجسٹرار نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں فی الوقت 37 کورسوں میں 1700 طالب علم درج ہیں ۔ اس موقعہ پر ریاستی سرکار اور انسانی وسائل کے فروغ کے محکمے کے مابین تول مولہ گاندر بل میں 4024 کنال اراضی کا لیز معاہدہ بھی کیا گیا ۔ وزیر نے میٹنگ کے دوران ابھارے گئے مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی دی ۔