جموں//مدھیہ پردیش کے مندسور میں گولی باری کے دوران کسانوں کی ہوئی موت کے معاملے کولے کرجموں کشمیر میں بھی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں۔ کانگریس نے اس معاملے کولے کر سرکار کوگھیرناشروع کردیاہے ۔ اس سلسلے میں پارٹی کے جموں صوبے میں ٹرینوں کو روک کر اپنے غصے کااظہارکیا۔ جموں میں یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے جموں ریلوے سٹیشن کے احاطے میں زوردارمظاہرہ کیا اور ریل آمدورفت میں رکاوٹ پیداکی ۔انہوں نے مندسور واقعے کیلئے مرکزی سرکار کو ذمہ دار قراردیااور اس کے خلاف زوردارنعرے بازی کی۔حالانکہ اس دوران پولیس کی طرف سے بھی حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود کانگریس کارکن ریلوے سٹیشن کے اندرداخل ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ اس دوران کانگریس کارکنوں نے ریلوے آمدورفت میںخلل پیداکیا ۔ کانگریس کارکنان نے کہاکہ اگر مارے گئے کسانوں کے پریواراں کو معاوضہ دینے کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش کے کساناں کے حقوق نہیں دیئے گئے توکانگریس احتجاج میں شدت لائے گی۔علاوہ ازیں کٹھوعہ میں بھی یوتھ کانگریس نے زوردار مظاہرہ کرکے ریل آمدورفت میں خلل ڈال کر مندسور واقعے کیلئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ۔ گوبندسر ریلوے سٹیشن پرکیے گئے مظاہرے کے دوران ادھم پور سے پٹھانکوٹ کی طرف جانے والی ڈی ۔ایم ۔یو۔ کو کانگریس کارکنان نے روکااور سرکار کے خلاف نعرے بازی کی۔