آستانہ//15ماہ کے طویل وقفہ بعدبھارت اورپاکستان کے وزراء اعظم کا کچھ لمحوں کیلئے آمناسامناہوالیکن چند سکنڈ کی یہ ملاقات خیر و عافیت پوچھنے تک ہی محدود رہی۔ قزاخستان کے دارالحکومت آستانہ میں وزیر اعظم ہند نریندر مودی اور اُنکے پاکستانی ہم منصب میاں نوازشریف کے درمیان چند لمحوں کی غیر رسمی ملاقات ہوئی۔ ملاقات نواز شریف اور نریندر مودی کے درمیان آستانہ اوپیرا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے مختلف ممالک کے سربراہان کو خوش آمدید کہنے کے لیے منعقدہ تقریب کے موقع پر ہوئی۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم نواز شریف کی مختصر ملاقات قزاقستان کے صدر نور سلطان نذر بائیوف کی جانب سے دئیے جانے والے اعشائیے کے موقعہ پر رہنماؤں کے لئے مختص لاؤنج میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم نواز شریف سے ان کی والدہ اور خاندان کی خیریت بھی دریافت کی۔پاکستانی وزیر اعظم اور ان کے بھارتی ہم منصب کی قازقستان میں کوئی ملاقات شیڈول نہیں ہے جس کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے بھی گزشتہ روز تردید کی تھی۔واضح رہے کہ دسمبر 2015 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں رہنماؤں کا آمنا سامنا ہوا۔مئی 2016 میں نواز شریف نے دل کے آپریشن سے قبل نریندر مودی کو فون کیا تھا جس میں بھارتی وزیر اعظم نے ان کی جلد صحیابی کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ہندوپاک وزراء اعظم کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات متنازع کشمیر کی صورتحال، لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات اور انڈین جاسوس کلبھوشن یادیو کی وجہ سے کشیدہ ہیں۔