بڈگام//محکمہ دیہی ترقی نے ضلع بڈگام میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایم جی نریگا کے تحت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور پائیدار اثاثے قائم کرنے کے لئے 21.46کروڑ روپے کی رقم خرچ کی ہے۔اس بات کا اظہار دیہی ترقی ، پنچایتی راج اور قانون و انصاف کے وزیر عبدالحق نے آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران کیا جو ضلع میں محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے لئے 21.58 کروڑ روپے کے بجٹ کو منظوری دی گئی تھی جس میں سے مختلف سکیموں کی عمل آوری پر 21.46کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں جس کا 63فیصد حصہ جاب کارڈ ہولڈروں کو معاوضے کے طور ادا کیا گیا۔عبدالحق نے کہا کہ اس سال کے دوران 3725کام عمل آوری کے لئے دردست لئے گئے جن میں سے سال کے آخر تک 3103کام مکمل کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت نہ صرف پائیدار اثاثے قائم کئے گئے بلکہ نوجوانوں کو روزگار بھی فراہم کیا گیا۔تفصیلات دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ محکمہ نے 24.76کروڑ روپے کی لاگت سے 1696 سڑکیں اور گلی کوچے ، 52لاکھ روپے کی لاگت سے 10کھیل کے میدان اور 5.80کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب سے بچاﺅ کے لئے مختلف پروجیکٹ تعمیر کئے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ 14ویں فائنانس کمیشن کے تحت محکمہ نے 46 نئے سڑک پروجیکٹ ، 38کلواٹ ،320گلی کوچے ،56غسل خانے ،181پارکیں اور 26آبپاشی کوہلوں کا کام ہاتھ میں لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم جی نریگا کا بنیادی مقصد ریاست کے غیر ہنر مند نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا اور دیہی علاقوں میں پائیدار اثاثہ قائم کرنا ہے۔وزیر نے کہا کہ اس سکیم کے تحت سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ کئی دیگر پروجیکٹ عملائے جارہے ہیں۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ اندرا آواس یوجنا کے تحت 696مکانات کی تعمیر کا کام ہاتھ میں لیا گیا تھا جن میں سے 477 مکانات کی تعمیر مکمل کی گئی ہے اور 1.07کروڑ روپے کے دستیاب بجٹ میں سے اب تک ایک کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ضلع میں محکمہ کے پاس وزیر اعظم آواس یوجنا کے تحت 3.31کروڑ روپے کا بجٹ دستیاب ہے۔عبدالحق نے کہا کہ ایم جی نریگا کے علاوہ محکمہ نے 13ویں فائنانس کمیشن کے تحت ضلع میں 1.12کروڑ روپے کی لاگت سے 30 مقامات پر سیلاب سے بچاﺅ کے لئے کئی پروجیکٹوں تعمیر کئے ہیں۔وزیر نے کہا کہ آئی ڈبلیو ایم پی کے تحت محکمہ کے پاس ضلع کے لئے 2.72کروڑ روپے کا بجٹ دستیاب تھا جس میں سے 49کاموں پر 2کروڑ روپے کی رقم خرچ کی گئی۔اس سے قبل وزیر موصوف نے پنچایت سطح پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے علاوہ بلاک ڈیولپمنٹ افسروں ، ولیج ڈیولپمنٹ ورکروں ، پروگرامو افسروں اور دیگر اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وزیرنے مختلف سکیموں کی کامیاب عمل آوری کے لئے فیلڈ عملے کے کام کی سراہنا کی۔انہوں نے محکمہ نے مختلف سکیموں کو کامیابی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کئی قومی اعزازات حاصل کئے ہیں اور لیہہ کو ایم جی نریگا میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے کے لئے اعزاز کے لئے چنا گیا ہے۔انہوںنے افسران کو محکمہ میں شفافیت لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رشوت خوری کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر نے کہا کہ ہرشہری کو محکمہ کی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل ہونی چاہئے اور یہ فیلڈ عملے کا فرض بنتا ہے کہ وہ گرام سبھا میں اُ ن کی شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ فیصلہ سازی کے عمل میں انہیں شامل کیا جاسکے۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنربڈگام محمد ہارون ملک اور ضلع کے ایس پی تیجندر سنگھ کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔