سرینگر//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ناظم منیر الاسلام نے حکومت کی جانب سے لوگوں کی بہبود اور ریاست کی ترقی کے لئے اٹھائے جارہے اقدامات کی وسیع تشہیر کر کے محکمہ کو مزید موثر اور متحرک بنانے پر زوردیا ہے تاکہ لوگوں کو ان کی بہبود کے لئے جارہے اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جاسکے ۔ناظم اطلاعات نے ان باتوں کا اظہار یہاں محکمہ کے انفارمیشن افسروں ، اسسٹنٹ انفارمیشن افسروں اور نامہ نگاروں کے ساتھ ایک تعارفی میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات عبدالمجید زرگر، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ( پی آر) شیخ ظہور اور انتظامی افسر محمد منور خواجہ کے علاوہ دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ناظم اطلاعات نے کہا کہ جدید ذرائع اور دستیاب وسائل کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی تشہیر کرنا محکمہ کے افسروں اور اہلکاروں کی ذمہ داری ہے تاکہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے حکومت اور عوام کے درمیان دوریوں کو کم کیا جاسکے۔حکومت کے پروگراموں اور منصوبوں سے متعلق حقائق پر مبنی خبروں کی بروقت ترسیل کے معاملے پر بولتے ہوئے منیر الاسلام نے کہا کہ مختلف محکمے کئی ترقیاتی پروجیکٹ عملارہے ہیں جن کے بارے میں عوام الناس کو جانکاری فراہم کی جانی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ زیر تکمیل پروجیکٹوں اور پہلے سے پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے منصوبوں کے بارے میں لکھا جانا چاہئے تاکہ لوگ ان کے فوائد اور حصولیابیوں سے روشناس ہوجائیں ۔منیر الاسلام نے افسروں کو اِن ہاوس اشاعتی کام کے لئے لگن اور تند ہی کے ساتھ کام کر کے اس مقصد کے لئے ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت دی ۔منیر الاسلام نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان دوریوں کو کم کرنے کی ذمہ داری محکمہ اطلاعات رابطہ عامہ شعبے پر عائد ہوتی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ کو چاہئے کہ وہ اپنے فرائض خوبی کے ساتھ انجام دے۔انہوںنے کہا کہ محکمہ کو مزید موثر اور متحرک بنانے کے لئے کئی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ناظم اطلاعات نے افسروں کو محکمہ کا اردو شعبہ مزید متحرک کرنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں اردو زبان جاننے والے افراد کی ایک اچھی خاصی تعدا د ہے۔میٹنگ کے دوران انفارمیشن افسروں نے کئی مدعے اٹھائیں جن میں افرادی قوت اور ڈھانچے کی کمی شامل ہے۔ناظم اطلاعات نے ان معاملات کو غور سے سننے کے بعد یقین دلایا کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔