سرینگر//فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے بھارت کے مختلف ریاستوں سے آرہے امرناتھ یاتریوں کی میزبانی کے ساتھ انہیںرواں جدوجہد آزادی سے متعلق صورت حال کے بارے میںجانکاری پہنچانے کی تاکید کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ہمارے مہمان ہیں اور یہاں کی صورت حال سے متعلق صحیح جانکاری نہیں رکھتے۔انھوں نے کہا کہ انہیں رواں جدوجہد سے متعلق صرف بھارتی میڈیا تک رسائی حاصل ہے جو غلط پروپگنڈہ کرکے ان کے ذہنوں میں زہر بھر رہا ہے اور صحیح جانکاری کے بجائے غلط جانکاری دے رہا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے جنوبی کشمیر اور بالخصوص یاترا کے لئے مخصوص علاقے میں موجود کاروباری اداروں ،ہوٹل مالکان ،مذدورو،مرکبانوں اور ٹورسٹ انڈسٹری سے وابستہ دیگر لوگوں سے تاکید کی کہ امرناتھ یاترا پر آئے یاتریوں سے روائتی مہمان نوازی کا رویہ اپنائیں اور اسی کے ساتھ انہیں یہ بھی بتائیں جموں کشمیر کے عوام کو بھارت کے لوگوں اور اس کی سالمیت سے کوئی پُرخاش نہیں ،البتہ ہم اسی حق کا مطالبہ کررہے ہیں جو بھارت کے لوگوں نے آزادی کے حصول کے لے برطانوی سامراج سے کیا تھا۔شبیر احمد شاہ نے دانشمند لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر انہیں یہ بتائیں کہ کس طرح دہلی کے حکمران اور ان کے مقامی گماشتے ہمارے معصوموں کا قتل کررہے ہیں اورہماری املاک کو تباہ کیا جارہا ہے ۔انہیں یہ بتایا جائے کہ انگریزوں نے آپ لوگوں کی جدوجہد آزادی کے دوران وہ سلوک نہیں کیا جو ہمارے ساتھ روا رکھا جارہا ہے ۔انہیں یہ بتایا جائے کہ بھارتی لوگ ایک جلیانوالہ باغ کے سانحہ کو یاد کرکے اپنی دکھ بھری داستان کا ذکر کررہے ہیں لیکن جموں کشمیر کے حدود کے اندر رہ رہے لوگوں نے اس طرح کے کئی بے شمار سانحات اورالمیوں کی کئی داستانیں اپنے سینے میں محفوظ کررکھی ہیں ۔