گاندربل+بارہمولہ//گوٹلی باغ گاندربل اور حاجی بل ٹنگمرگ میں بجلی جبکہ لالپورہ کنزر ٹنگمرگ میں پانی کی قلت کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔گوٹلی باغ ہزاروں افراد پر مشتمل آبادی کو افطار اور سحری کے وقت گھنٹوں بجلی گل ہونے سے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔گوٹلی باغ کئی محلوں پر مشتمل ہے جس کی آبادی ہزاروں نفوس پر مشتمل ہے۔ پورے علاقے کو ایک کلومیٹر دوری پر واقع وائیل ریسویئنگ اسٹیشن سے بجلی سپلائی فراہم کی جاتی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق افطار ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہوجاتی ہے اوریہی حال سحری کے وقت بھی جاری رہتا ہے ۔لوگوںکاالزام ہے کہ رسیونگ سٹیشن پر موجود عملہ مخصوص علاقوں کو سپلائی فراہم کرتے ہیں جس کے بدلے میں گوٹلی باغ پورے علاقے افطار اور سحری کے وقت بجلی منقطع کردی جاتی ہے۔گوٹلی باغ کے مقامی شہری گل محمد خان نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افطار اور سحری کے وقت بجلی سپلائی اچانک بند کردی جاتی ہے جس سے ان اوقات میں کافی مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ حکومت بڑے بڑے دعوے کررہی ہے افطار اور سحری اوقات میں بجلی سپلائی فراہم کرنے کی اگرچہ اس بارے میں بجلی کے اعلی حکام سے اس بارے میں فریاد کی تھی لیکن کوئی فرق نہیں پڑا۔اس بارے میں جب کشمیر عظمی نے محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر شاہد احمد سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ ریسویئنگ اسٹیشن میں اوورلوڈنگ ہونے سے کچھ دیر بجلی بند ہوجاتی ہے کوشش کی جائے گی کم سے کم وقت کے لیے بجلی بند رہے۔ادھر بٹ محلہ لالپورہ کنزر پچھلے 2ماہ سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو افطار اور سحری کے اوقات کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مقامی شہری اشفاق احمدنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لوگوں نے اگر چہ یہ معاملہ متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ افسران کی نوٹس میںلایا تھا تاہم انہوں نے اس کے طرف کوئی دھیان نہیں دیا ۔انہوں نے کہاکہ مساجدمیں پانی کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے رمضان کے اس مقدس مہینے میں بھی لوگوں کو پریشانیوںکا سامنا ہے ۔لوگوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ کو جلد از جلد پانی کی سپلائی فراہم کرنے کیلئے فوری طور اقدامات کرے تاکہ عوام کو مشکلات سے نجات مل سکے۔ ادھر حاجی بل ٹنگمرگ میں افطار اور سحری کے وقت بجلی کی آنکھ مچولی سے صارفین تنگ آگئے ہیں۔ حاجی بل ٹنگمرگ کے ایک وفد نے بتایا کہ وارہ پورہ ملہ بانگل ۔بدی پورہ۔شالہ گام۔فجہ پورہ۔گوعوارہ۔واینلو۔کا ایک وسیع علاقہ رمضان کے ان مقدس ایام میں بجلی سپلائی سے محروم ہے۔ وفد کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقوں کو سیاحتی مقام گلمرگ کے پاور رسیونگ اسٹیشن سے بجلی فراہم کی جاتی ہے ، اگرچہ گلمرگ میں چوبیسوں گھنٹے بجلی فراہم ہوتی ہے تاہم گلمرگ رسیونگ اسٹیشن کے ساتھ منسلک حاجی بل علاقے کے ساتھ محکمہ بجلی نے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھنے کی پالیسی اپنائی ہے۔ اے ڈبل ای ٹنگمرگ اشفاق احمد نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ فیلڈ عملے سے رپورٹ طلب کرکے لوگوں کو سحری اور افطار کے وقت بغیر کسی کٹوتی کے برقی روفراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔