اننت ناگ //اننت ناگ میں فخرہ کشمیر مرزا محمد افضل بیگ کی 35ویں برسی کے سلسلے میں کل ان کے گھر اننت ناگ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ان کے بیٹے محبوب بیگ کے علاوہ ان کے خاندان کے تمام افراد موجودہ تھے جبکہ کھنہ بل میں منعقدہ تقریب میں اننت ناگ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے پی ڈی پی کارکنوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مرحوم مرزا محمد افضل بیگ کے حق میں دعاے مغفرت مانگی گئی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محبوب بیگ نے کہا کہ جموں وکشمیر میں بحالی امن اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہند وپاک کو بات چیت کرنی چاہئے جبکہ بھارت کو چاہئے کہ وہ حریت اور دیگر لوگوں سے مذاکرات کرے۔ اس دوران اسلام آباد (سرنل) میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ہواجس میں نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر ڈاکٹر محمد شفیع، الطاف احمد کلو، عبدالمجید لارمی، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، اور پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ ریاض احمد خان، ایڈوکیٹ محمد عباس ڈار بھی موجود تھے۔ ضلع کے سرکردہ سینئر لیڈران ممبران قانون سازیہ و سابق ممبران قانون سازیہ نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی عظیم قربانی اور شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کی بے پنا اور پُر خلوص لیڈر شپ کی بدولت یہاں کے اسی فیصدی گاؤں کے لوگوں کو زمین پر مالکانہ حقوق ملے، جو ابھی تک اکثر ممالک میں ممکن نہیں ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم بیگ نے مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے ساتھ زندگی کے سنہری سال جیل خانوں اور جلائے وطنی میں گزارے۔جلسہ سے قبل مرحوم مرزا محمد افضل بیگ(سابق نائب وزیر اعلیٰ اورعوامی حکومت کے اول وزیر مال )مرزا محمد افضل بیگ کے مرقد پر اجتماعی فاتحہ خوانی ، گلباری ادا کی گئی جس میں علاقہ اسلام آباد کے معززین ، مختلف دینی ، سیاسی ، سماجی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ماہر قانون مرحوم خواجہ غلام محی الدین شاہ (بچھ) کی13ویں برسی پر آج اُن کے مقبرہ واقع زیارت حضرت سید محمد منتقیؒ صاحب چھتہ بل پر ایک پُر وقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں سب سے پہلے قرآن کی تلاوت اور کلمات وتحلیلات کی مجلس آراستہ ہوئی۔ بعد میں مرحوم کے مرقد پر چادر چڑھائی گئی اور گلباری ، فاتحہ خوانی ادا کی گئی، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی ایک بڑی جمعیت نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مرحوم کے اُن ناقابل فراموش سیاسی ، سماجی اور قانونی خدمات کو یاد کیا گیا جو اُنہو ں نے طالب علمی کے زمانے سے ہی کشمیری قوم کیلئے انجام دیئے اور ریاست کے لوگوں کی خوداعتمادی ، خدا اعتمادی خاص کر بنیادی حقوق ، عزت نفس اور بحثیت کشمیری قوم زندہ رکھنے کیلئے عظیم قربانیاں پیش کی جن میں مرحوم نے جابر اور ظالم حکمرانوں کے خلاف حق آواز بلند کی۔اجتماعی فاتحہ خوانی میں جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صدر صوبہ کشمیر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈر مبارک گل، صدرِ ضلع سرینگر پیر آفاق احمد، سابق ایم ایل اے محمد یاسین شاہ، سابق ایم ایل اے میر غلام رسول ناز اور کئی سابق ممبران قانون سازیہ بھی موجود تھے جنہوں نے مرحوم کے مرقد پر گلباری بھی کی۔ تقریب پر عرفان احمد شاہ نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ادھرجموں اور کرگل (لداخ) میں بھی مرزا محمد افضل بیگ اور خواجہ محی الدین شاہ کی برسی پر اُن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ صوبہ جموں میں بھی مختلف مقامات پر پارٹی لیڈران کی قیادت میں تقاریب منعقد ہوئیں جن میں مقررین نے دونوں رہنماؤں کے بے مثال سیاسی وسماجی خدمات پر روشنی ڈالی اور مقررین نے کہا کہ مرحومین نے اپنے عظیم قاید مرحوم شیخ صاحب کے تئیں جو وفاداری کی وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔