سرینگر//مرکزی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی ائے) نے پیر کو بھی تحریک حریت کے سنیئر لیڈر اور سید علی گیلانی کے فرزند نسبتی الطاف احمد شاہ کی پوچھ تاچھ جاری رکھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الطاف احمد شاہ پیر کو بھی این آئی ائے ہیڈ کواٹر میں حاضر ہوئے جہاں پر انہیں کشمیر میں مبینہ طور پر ’’تخریبی سرگرمیوں‘‘ کیلئے رقومات کے استعمال سے متعلق پوچھ تاچھ کی گئی۔ اس سے قبل الطاف احمد شاہ کو9جون کے روز قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی ائے) نے انکی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کے بارے میں پوچھ تاچھ کے علاوہ سید علی شاہ گیلانی کی سربراہی والی تحریک حریت کے فنڈس سے متعلق پوچھ تاچھ کی۔ معلوم ہوا ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی ائے) کی ایک ٹیم نے پیر کو الطاف احمد شاہ سے ایک بار پھر پوچھ تاچھ کی۔اس سے قبل گزشتہ روز سید علی گیلانی ے الطاف احمد شاہ کی بار بار پوچھ تاچھ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی ائے) کو ایک جنگی ہتھیار کی طرح استعمال کر رہی ہے۔اس سے قبل این آئی نے الطاف احمد شاہ کی بمنہ رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا،جس کے دوران بھی ان سے پوچھ تاچھ کی گئی تھی جبکہ نعیم احمد خان،شاہد الاسلام، ظہور احمد وٹالی اور کئی دیگر تاجروں کے گھروں پر بھی چھاپہ ماری کی گئی تھی۔