سرینگر//طفیل متو کو ساتویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا کہ ہمارے ہزاروں شہدا کا مقدس لہو عنقریب پکار اُٹھے گا اور وہ دن متنازعہ خطے کے اندر بھارت کا آخری دن ہوگا۔جملہ شہدائے کشمیر کو یاد کرتے ہوئے نعیم خان نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور اُن کا مشن ہر صورت اور ہر قیمت میں آگے بڑھایا جائے گا۔ طفیل متو سمیت2010اور2016کے مظلوم و معصوم شہدا کو یاد کرتے ہوئے نعیم خان نے کہاکہ اُن کی قربانیوں سے لوگ بھارت کے تسلط سے آزادی حاصل کرنے کی جد و جہد میں مزید پختہ ہوگئے ہیں۔ادھرفریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے طفیل متو کو برسی پر یاد کرتے ہوئے کہا کہ قتل میں ملوث قاتل اب بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں اور انہیں کیفر کرادار تک پہنچانے کے بجائے صاحب اقتدار لوگ قانونی داﺅ پیچ کا سہارا لے کر انہیں بچا رہے ہیں ۔شبیر شاہ نے اسے ان لوگوں کی فریب کاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے ایوانوں میں براجمان لوگ اس طرح کے حادثات کے موقع پر مگرمچھ کے آنسو بہاکر تحقیقات کرائے جانے کا اعلان کرتے ہیں اوربعد میں یہی لوگ ان قاتلوں کی عزت افزائی بھی کرتے ہیں اور قانونی گرفت سے بچنے کے لئے انہیں اپنی حمایت بہم رکھتے ہیں ۔