سرینگر//کشمیری مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتے ہوئے آندھراپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی نے امرناتھ یاترا کے دوران کشمیر جانے والے ہندویاتریوں سے کہا ہے کہ وہ ’’غدار کشمیری مسلمانوں سے کوئی بھی اشیاء خریدنے سے اجتناب کر یں تاکہ بھارتی فوج پرحملوں کاان سے بدلہ لیا جائے‘‘ ۔حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے بھاجپا رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے ایک ویڈیو میں امرناتھ یاترا پر جانے والے ہندو یاتریوں کوکشمیری مسلمانوں سے کوئی بھی چیز خریدنے سے اجتناب کرنے پر زور دیا ہے ۔سری رام چینل کی جانب سے گذشتہ ماہ سب سے پہلے یہ ویڈیو اپلوڈ کیا گیا جسے بعد ازاں وہاں سے اگرچہ ہٹادیا گیا تاہم مذکورہ ویڈیو واٹس ایپ اور دیگر سماجی ویب سائٹوں پر وائرل ہوگیا ہے۔ویڈیو میں ہندئوں پرزور دیتے ہوئے راجہ سنگھ کہتے ہیں ’’امرناتھ یاترا سمیت دیگر مقدس مقامات پرمئی،جون اور جولائی میں جانے والے یاتریوں سے میری اپیل ہے کہ’’ وہ ان غدارمسلمانوں ، جو سیکورٹی فورسز پر پتھروں سے حملہ کرتے ہیں،سے کسی بھی طرح کی اشیاء خریدنے سے پرہیز کریں ،چاہے اس شئے کی قیمت ایک روپیہ ہی کیوں نہ ہو‘‘ ۔سنگھ نے ویڈیو میں مزید کہا ہے کہ جو یاتری امرناتھ یاترا کے بعد بھی سرینگر جائے وہ کشمیری مسلمانوں کو سبق سکھانے کے لئے ان سے کوئی اشیاء نہ خریدے ۔انہوں نے یاتریوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ’’ اس چھوٹی سی کوشش سے ہی آپ کو سمجھ آجائے گا کہ یہ غدار ہمارے پیسے کے بغیر کس طرح گذر بسر کرسکتے ہیں اور اگر کئی برسوں تک ان سے کوئی بھی شئے خریدنے سے پرہیز کریں گے تو یہ غدار کشمیری گھٹنوںکے بل گر کر کہیں گے کہ ہمیں پاکستان اور آزاد کشمیر نہیں چاہئے بلکہ ہندوستان کے ساتھ رہنا پسند کریں گے‘‘۔