سرینگر// معروف عسکری کمانڈر منظور الاسلام کے والد عبدلمجید بٹ کے انتقال پر نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان، تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی، ماس مومنٹ چیئرمین مولوی بشیر عرفانی، حریت (جے کے) نے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کے جذبہ ایثارو قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔نعیم احمد خان نے اسلام آباد (اننت ناگ) کشمیر کی معروف سماجی شخصیت عبدلمجید بٹ کی وفات کے سلسلہ میں پارٹی وفد کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد گئے جہاں انہوں نے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔نعیم احمد خان نے کہاکہ موصوف ایک نڈر انسان اور بے لوث شخصیت تھے جنہوں نے اپنے آپ کو سماجی خدمات کیلئے وقف کیا تھا۔نعیم خان نے کہاکہ موصوف اور افراد خانہ نے جاری تحریک آزادی کی راہ میں بے شمار مصائب و آلام کا سامنا کیا لیکن ان کی استقامت میں لغزش پیدا نہیں ہوئی۔نعیم خان نے کہاکہ بھارتی فورسز اور ان کے مقامی آلہ کاروں نے بار بار اُنہیں عظیم عسکری کمانڈر منظور الاسلام کے والد ہونے کی پاداش میں مختلف تکالیف میں مبتلا کیا لیکن اُنہوں نے ہر بار صبر و استقامت کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھا۔بلال صدیقی ، سلیم زرگر اور سلیم فردوس نے اسلام آباد جاکر لواحقین کو پُرسا دیا اور تعزیت کا اظہار کیا ۔بلال صدیقی نے کہاکہ موصوف کے دو فرزندگان منظور الاسلام اور سجاد احمد نے رواں جدوجہد آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں اپنا نام روشن کیا ۔ ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی کی ہدایت پر مولوی بشیر عرفانی کی قیادت میں وفد ،جس میں جنرل سیکریٹری پرنس سلیم، چیف آرگنائزر عبدارشید لون،زاہد احمد شامل تھے، اسلام آباد گیا جہاں انہوں نے مرحوم کے حق میں فاتحہ خوانی کی۔مولوی بشیر عرفانی نے کہا کہ منظور الاسلام کے گھر نے1990سے ہی موجودہ تحریک کیلئے جو قربانیاں پیش کیں ہیں،وہ نا قابل فراموش ہیں۔حریت(جے کے )کنوینر اور مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی صدر محمد اقبال میر ،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی، انٹر نیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو اور تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار نے مشترکہ بیان میں غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔