کنزر ٹنگمرگ// فاونڈیشن کی جانب سے ٹاون ہال کنزر ٹنگمرگ میں ’’رمضان کی پکار، سچائی، جوابدہی اور شفافیت‘‘ کے عنوان پر منعقد سمینار پر بولتے ہوئے مقررین نے عوام پر زور دیا کہ وہ لاچار افراد کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے آگے آئیں۔مہمان خصوصی ایس ڈی ایم ٹنگمرگ عزیز احمد راتھر نے انفرادی سطح پر ضرورت مندوں کی امداد واعانت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بنیادی سطح پر خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی پر زور وکالت کرتے ہوئے غریب، ضرورت مندوں ، یتیموں اور بیوائوں کے صحیح اعداد وشمار جمع کرنے پر زور دیا تاکہ بلاک اور تحصیل سطح پر مستحق لوگو ںکی مد د کی جا سکے۔قلمکار احمد کشمیری نے جدید اور بھروسہ مند طرز عمل اپنا کر بے سہارا انسانو کی ایمانداری کے ساتھ امداد کرنے پر زور دیا۔ ضلعی نمائندہ پلوامہ محمد امین بٹ نے غریبوں اور لاچاروں کی امداد واعانت کے لئے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت کو اُجا گر کیا۔محمود الریاض فلاحی نے فلاحی کاموں میں سچائی ، امانت داری، جوابدہی اور شفافیت کو لازمی قرار دیتے ہوئے خدمت خلق کو اسلامی سماج کا ایک اہم جز قرار دیا۔ضلعی نمائندہ بارہمولہ شیخ عبدالغنی نے مالی سال2016-17 کی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ سوپور میں یتیم خانہ کی تعمیر کے لئے بھرپور مالی مدد کریں۔اس موقعہ پر یتیم فائونڈیشن کی جانب سے تیار کردہ دستاریزی فلم ’’احساسِ شفقت۔یتیموں، بیوائوں اور لاچاروں کو شانہ بہ شانہ‘‘ کی نمائش کی گئی۔