سرینگر//وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر نے کہا ہے کہ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں بشمول بستیوں میں گنجانیت کو کم کرنے، لینڈ سکیپنگ، سڑکوں کی توسیع اور دیگر کاموں سے عنقریب اندرون شہر کی ہیت میں تبدیلی واقع ہوگی۔ نعیم اختر کل شہر خاص کے تفصیلی دورے کے دوران مختلف عوامی وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے چند پورہ اور کاؤڈارہ میں کمیونٹی سینٹروں پر جاری کام کی رفتار کا جائیزہ لیا اور متعلقہ حکام کو پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ملازمین کو کمیونٹی سینٹروں کی جانب جانے والی سڑکوں پر کام اور اس سلسلے میں ڈھانچوں کے حصول کا عمل فوری طور شروع کرنے کے لئے کہا۔وزیر نے عالی کدل سے راجوری کدل تک سڑک کے حصے کا بھی معائنہ کیا جس کی توسیع کا کام عرصہ دراز سے التواء میں پڑا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ سڑک کی توسیع میں حائل رکاوٹوں کو عنقریب دُور کیا جائے گا۔نعیم اختر نے زیارت دستگیر صاحب ؒ پر بھی حاضری دی اور زیارت گاہ کی دیدہ ذیبی کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زیارت گاہ کے سامنے قائم پارک سے ناجائیز تجاوزات ہٹانے کے لئے بھی کہا۔ انہوں نے خانیار سے بابا ڈیمب تک سڑک کی توسیع کے کام میں سرعت لانے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈھانچوں کے حصول کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔بابا ڈیمب میں آبگاہ کے کناروں پر ناجائیز قبضہ پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے پولیس اور ایس ایم سی حکام کو فوری طور ناجائیز قبضہ ہٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آبگاہ کو سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنانے کے لئے کوشاں ہے اور بابا ڈیمب کی شانِ رفتہ بحال کرنے کے لئے پہلے ہی کام شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آبگاہ کی کھدائی کا کام جاری ہے اور اس ضمن میں ضرورت پڑنے پر مزید مشینیں کام پر لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آبگاہ کو توسیع دینے کے لئے اراضی کے حصول کا عمل جاری ہے اور تمام ترقیاتی کام مکمل ہونے پر بابا ڈیمب ایک خوبصورت مقام کے طور اُبھر کر سامنے آئے گا۔