سرینگر// تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے اعلان کیا کہ ریاست جموں وکشمیرمیں 2سائنس میوزیم قائم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ سرینگر اور جموں میں یہ میوزیم ایس ایس اے فریم ورک کے تحت قائم کئے جائیں گے ۔وزیرتعلیم نے یہ اعلان ایک میٹنگ کے دوران کیا جو ریاست میں مرکزی معاونت والی سکیموں بشمول سروشکھشا ابھیان اور راشٹریہ مدھیامک شکھشا ابھیان کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔میٹنگ میں سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمدشاہ ، ناظمین تعلیم ، آر ایم ایس اے اور ایس ایس اے کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔میٹنگ کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ رہبر تعلیم اساتذہ کو مئی 2017ء تک تنخواہیں دی گئی ہیں اور جون کی تنخواہ وقت پرادا کی جائیں گی۔انہیں بتایاگیا کہ باقاعدہ رہبر تعلیم اساتذہ کی تنخواہیں جنوری 2017ء تک ادا کی گئی ہیں اور عید سے پہلے ان کی فروری اور مارچ2017ء کی تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔رمسا اور ایس ایس اے کے تحت عملائے جارہے پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے بخاری نے افسران کو مختلف تعمیراتی کاموں کے تعلق سے جانکاری رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت دی۔وزیر نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو مختلف سکولوں کے لئے تعمیر کی جارہی عمارات کے کام میں سرعت لا کر انہیں وقت مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی تلقین کی ۔بخاری نے ریاست میں قائم سکولوں کو وسعت دینے کے لئے رمسا اور ایس ایس اے تحت جاری پروجیکٹو ںکے کام میں بھی تیزی لانے کی ہدایت دی ۔وزیر موصوف نے سکولوں میں موزون فرنیچر کی دستیابی پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں سکولوں کی ضروریات کی فہرست تیار کرکے متعلقین کو بھیج دیں۔