اننت ناگ // تحریک حریت کے ضلع اسلام آباد ضلع صدر فیاض احمد کو سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا ہے ۔فیاض احمد داس کو گذشتپ روز اس وقت واگہامہ بجبہاڑہ سے گرفتار کیا گیا تھا جب وہ اپنے گھر کی طرف جارہے تھے ۔وہ منظور الاسلام نامی عسکری کمانڈر کے والد عبدالمجید بٹ کے انتقال پر پسماندگان کے ساتھ تعزیت پرسی کیلئے تنظیم کے ذمہ دار محمد یوسف مکرو کی قیادت میں وفد کے ہمراہ ان کے گھر گئے تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیاض احمد داس میر حف اللہ کی سیفٹی ایکت کے تحت کٹھوعہ منتقلی کے بعد ضلع میں تنظیم کے ضلعی صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق فیاض احمد کئی کیسوں میں مطلوب تھے اور وہ گرفتاری سے بچنے کی کوشش کررہے تھے ۔واضح رہے کہ ضلع اسلام آباد کے دیگر تحریک کارکنوں میں محمد شفیع وگے تحصیل صدر شانگس اور ریاض احمد تحصیل صدر پہلگام بھی جموں کی جیلوں میں سیفٹی ایکت کے تحت قید ہیں۔اس دوران تحریک حریت نے تنظیم کے قائمقام صدرِ ضلع اسلام آباد فیاض احمد داس واگہامہ بجبہاڑہ کی گرفتاری اور پھر پی ایس اے کے تحت کٹھوعہ جیل منتقل کرنے کی پولیس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فیاض احمد داس ایک سیاسی ورکر ہے اور اس کی سیاسی سرگرمیاں کسی بھی حیثیت سے جُرم کے زمرے میں نہیں آتی ہیں۔ فیاض احمد داس نے 2016ء کی عوامی تحریک کے دوران سیاسی سطح پر نمایاں رول ادا کیا اس دوران پولیس نے بار بار اس کے گھر پر چھاپے ڈالے اور گھر کی بھی توڑ پھوڑ کی اہل خانہ کو بھی عذاب وعتاب کا نشانہ بنایا گیا۔ تحریک حریت نے کہا کہ موصوف کی گرفتاری کو کوئی جواز نہیں ہے، بلکہ یہ سراسر انتقام گیری ہے۔