سرینگر// حریت(ع) ترجمان نے کہا ہے کہ مسابقتی امتحانوں میں اچھی کارکردگی دکھانے اور کامیابی پانے والے ریاست جموں کشمیر کے چند نوجوانوں کی بھارت کی مختلف ٹیلی ویژن چنلوں پر پریڈ کرانے کا عمل حکومت ہندوستان کی چند ایجنسیوں اور ڈھنڈورچیوں کا ایک اوچھا حربہ ہے جس کا مقصد صرف کشمیر کے اندر حالات اور مسئلہ کشمیر کی حقیقی نوعیت کو توڑ مروڑ کر پیش کر کے ہندوستانی رائے عامہ کو گمراہ کرنا ہے ۔ اس طرح کی شعبدہ بازی سے کشمیری عوام پر یہ حقیقت مزید عیاں ہوتی ہے کہ کس طرح حکومت ہندوستان غلط اور بے بنیاد پروپگنڈے کے سہارے کشمیر کے اندر رونما ہونے والے اصل حالات و واقعات کو جھٹلانے کی کوشش کر رہی ہے اس تمام پروپگنڈے اور اس کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ظلم و ستم روا رکھنے سے نئی دلی کے حکمران کشمیر میں Statsquoقائم رکھ کر مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کو ٹالنا چاہتے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کا دوغلا پن اور شعبدہ بازی ملاحظہ کیجئے کہ ایک طرف ان چند مٹھی بھر طالبعلموں کیلئے حکومت ہندوستان تعریفوں کے پل باندھ رہی ہے اور دوسری طرف وادی کشمیر کے تمام سکولوں اور کالجوں کو تالا بند کر کے یہاں کے طالبعلوں کو تعلیم حاصل کرنے سے صرف اسلئے محروم رکھا جا رہا ہے کیونکہ حکمرانوںکو ان طالبعلموں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا ڈر ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ماہ رمضان کے متبرک مہینے میں بھی کشمیری عوام پر ظلم و تشدد اور ان کو ہراساں کرنے کا عمل جاری ہے روزانہ وادی کے کسی نہ کسی حصے میں عوام کو سرکاری فورسز کے ہاتھوں تشدد و ہراسانیوں کا شکار ہونا پڑ رہا ہے حقیقت یہ ہے کہ کشمیر کو ہندوستانی فورسز کے حوالے کر دیا گیا ہے اور یہی لوگ عملی طور پر یہاں کے اصلی حکمران بنے ہوئے ہیں ۔ ایک دن شوپیان کو اس طرح کے حالات سے دوچار ہو نا پرڑرہا ہے جب کہ دوسرے روز فرصل اور اس کے ملحقہ جات میں یہی عمل دہرایا جاتا ہے اور اس طرح یہ سلسلہ جاری ہے ۔ حکمرانوں کی اس تمام کاروائی کا مقصد کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کے ذریعے ان کے مطالبات اور احتجاج کو دبانا ہے کیونکہ حکمرانوں کی نظروں میں عوام نے اپنے حقوق کے حصول کیلئے اٹھ کھڑے ہونے کی جرات کی ہے ۔ بھارت کی حکمران جماعت BJPکے رہنما کھلے عام کشمیری عوام کو طاقت کے بل پر خوفزدہ کرنے اور انہیں دھمکانے کی باتیں کرتے ہیں اور اس سلسلے میں یہ لوگ انٹرنیٹ پر ویڈیو اپ لوڑ اور سرکولیٹ کر کے ہندوستان بھر کے رائے عامہ کو گمراہ کرتے ہوئے کشمیری عوام کے بارے میں ان کے دلوں میں زہر گھولتے ہیں ۔ اس دوران ترجمان نے فرصل گولگام میں سرکاری فورسز کی عام لوگوں کے خلاف زیادتیوں ، مکانوں کی توڑ پھوڑ ، گاڑیوں کے شیشے توڑنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل وہل شوپیاں میں بھی نہتے عوام پر بھی فورسز نے بلا جواز جبر و قہر کے ذریعے متعدد افراد کو زخی کیا ۔ ترجمان نے کہا کہ جب سے حکومت ہندوستان نے ایک نہتے کشمیر نوجوان کو انسانی ڈھال کے بطور استعمال کرنے والے فوجی میجر گوگوئی کو انعام و اکرام سے نوازا ہے تب سے کشمیر میں تعینات بھارتی فورسز کو کچھ زیادہ ہی شہہ ملی ہے اور وہ کشمیری عوام پر ظلم وستم ڈھانے سے ذرہ برابر بھی گرازاں نہیں۔ دریں اثنا سرکردہ حریت رہنما غلام نبی زکی نے تاپر پٹن جا کر حال ہی میں 16سال کے طویل عرصہ کے بعد رہائی پانے والے گلزار احمد وانی کو ان کی رہائی پر حریت چیرمین کی جانب سے تہنیت کا پیغام پہنچایا ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالتوں کو موصوف کو بے گناہ ثابت کرنے میں سولہ سال کا عرصہ لگ گیا اور اس طرح عدل و انصاف کے مسلمہ اصولوں کا خون کیا گیا ۔