ڈھاکہ// بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی پہاڑی اضلاع میں گزشتہ دو دنوں سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے تودہ گرنے اور زمین کھسکنے سے اب تک کم از کم 134 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بارش اور تودہ گرنے سے چٹگونگ، باندراون اور رنگاماٹي اضلاع میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارت کے سربراہ ریاض احمد نے بتایا کہ رنگاماٹي ضلع میں سب سے زیادہ ہلاکتوں کی رپورٹیں موصول ہوئی ہیں، جہاں اب تک 98 لوگوں کی لاشیں برآمدکی گئی ہیں۔ دوسری طرف چٹگونگ ضلع میں 30 اور باندراون ضلع میں چھ افراد کی لاشیں اب تک نکالی جا چکی ہیں۔ مہلوکین میں فوج کے دو افسران اور دو جوان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے اور لوگوں کو ہر ممکن سہولیات پہنچائی جا رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ جون 2007 میں چٹگونگ ضلع میں تودہ گرنے کی وجہ سے تقریبا 130 لوگ مارے گئے تھے ۔