سرینگر +کولگام //حیدر پورہ میں پولیس پارٹی پر نا معلوم اسلحہ برداروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 1اہلکار ہلاک جبکہ ایک شدید طور زخمی ہوا۔ادھر کولگام کے ایک مضافاتی گائوں میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب اسلحہ برداروں نے ڈیوٹی سے لوٹ رہے ایک پولیس اہلکار کو اُس کے رہائشی مکان کے صحن میں گولیاںمار کر ہلاک کردیا۔ پولیس نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ رات قریب 9بجے آئی آر پی کی ایک ناکہ پارٹی حیدر پورہ چوک نزدیک جموں وکشمیر بنک کے نزدیک موجود تھی جس کے دوران ان پر مشتبہ جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں2ااہلکار زخمی ہوئے جن میں ایک کی حالت نازک تھی ۔دونوں کو فوری طور پر بادامی باغ فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمی پولیس کانسٹیبل سجاد احمد زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ادھر جمعرات کی سہ پہر چار بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے بوگنڈ بوگام کولگام نامی گائوں میں جموں کشمیر پولیس میں کانسٹیبل کے بطور کام کررہے شبیر احمد ڈار ولد عبدالرحمان ڈار پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔ مذکورہ اہلکار کو اُس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ گھر پہنچ گیا۔مذکورہ پولیس اہلکار کے جسم میں5 گولیاں پیوست ہوئی تھیں۔وہ پولیس تھانہ دمحال ہانجی پورہ میں تعینات تھا اور فی الوقت رخصت پر گھر آیا تھا۔اسے خون میں لت پت حالت میں فوری طور ضلع اسپتال کولگام منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔سی ایم او کولگام ڈاکٹر آر ڈی کسانہ نے بتایا کہ شبیر احمد راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ چکا تھا اور اس کے جسم سے خون کی کافی مقدار بھی بہہ چکی تھی۔اس واقعہ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور فورسز کی بھاری تعداد نے بو گنڈ اور ملحقہ بستیوں کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ، تاہم فوری طور پر کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واردات علاقے میں سرگرم جنگجوئوں نے انجام دی ہے اور واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔دریں اثناء رات قریب 9بجے حیدر پورہ چوک میں جموں کشمیر بنک کے نزدیک پولیس پارٹی پر نامعلوم اسلحہ برداروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2اہلکار شدید زخمی ہوئے جس میں سے بعد میں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔