اسلام آباد// پاکستان نے وادی کشمیرمیں اس کی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر جشن منانے والے لوگوں کی فورسز کے ہاتھوں مارپیٹ اور توڑ پھوڑکی مذمت کرتے ہوئے پیلٹ لگنے سے بینائی سے محروم ہوئے کشمیری نوجوانوں کو کسی بھی ملک میں علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کو دہرایا ہے۔ہفتہ وار بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ ترجمان نفیس ذکریاکہا’’پاکستان نے جب 12جون کو کرکٹ میچ جیت لیا تو بھارتی فورسز نے انہیں پاکستان کی کامیابی پر جشن منانے کی سزا کے بطوردکانیں توڑ کر لوٹ مچائی اور ان کی وحشیانہ طریقے سے مارپیٹ کی‘‘۔ترجمان نے مزید بتایا ’’ رواں ماہ کے دوران متنازعہ وادی میں طاقت اورپیلٹ کا اندھا دھند استعمال کرتے ہوئے25کشمیریوں کو جاں بحق اور200سے زائد کو زخمی کردیا گیا ‘‘۔نفیس ذکریا نے بتایا کہ صرف ایک سال کے عرصے میں سینکڑوں بچوں کو بینائی سے محروم کردیا گیا اور انہیں کسی بھی ملک میں علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی پاکستان کی پیشکش ابھی برقرار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جنیوا میں یہ مسئلہ اقوام متحدہ انسانی حقوق اہلکاروں کے سامنے زوروشور سے اُجاگر کیاجبکہ یو این ہیومن رائٹس کونسل کے رواں35ویں اجلاس میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔